Home | Columns | Poetry | Opinions | Biography | Photo Gallery | Contact

Friday, March 16, 2018

اب خوب ہنسے گا دیوانہ


اوراق پارینہ میں حفیظ جالندھری کی دو نظمیں ہاتھ آئی ہیں ۔یہ المیہ ہے کہ اب ان کی تصانیف کمیاب بلکہ نایاب ہیں ۔بچوں کے لیے بھی انہوں نے کمال کی نظمیں کہیں،وہ بھی کہیں نہیں ملتیں۔

دونوں نظمیں قارئین سے شیئر کی جارہی ہیں۔ کیا خبر آج کےسیاسی اور سماجی حالات پر منطبق نظر آئیں ۔
شیر!
شیروں کی آزادی ہے
آزادی کے پابند رہیں
جس کو چاہیں چیریں پھاڑیں
کھائیں پئیں ، آنند رہیں
سانپوں کو آزادی ہے
ہر بستے گھر میں بسنے کی
اور عادت بھی ہے ڈسنے کی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہین کو آزادی ہے
آزادی سے پرواز کرے
ننھی منی چڑیوں پر
جب چاہے مشق ناز کرے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پانی میں آزادی ہے
گھڑیا لوں اور نہنگوں کو
جیسے چاہیں پالیں پوسیں
اپنی تند امنگوں کو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انسان نے بھی شوخی سیکھی
وحشت کے ان رنگوں سے
شیروں سانپوں شاہینوں
گھڑیالوں اور نہنگوں سے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسان بھی کچھ شیر ہیں
باقی بھیڑوں کی آبادی ہے
بھیڑیں سب پابند ہیں لیکن
شیروں کو آزادی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیر کے آگے بھیڑیں کیا ہیں
اک من بھاتا کھا جا ہے
باقی ساری دنیا پر جا
شیر اکیلا راجہ ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھیڑیں لاتعداد ہیں لیکن
سب کو جان کے لالے ہیں
ا ن       کو         یہ        تعلیم        ملی
بھیڑیے طاقت والے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ماس بھی کھائیں
کھال بھی نوچیں
ہر دم لاگو جانوں کے
  بھیڑیں دور غلامی کاٹیں
بل پر گلہ بانوں کے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیر ہیں دعویدار کہ ہم سے
امن ہے اس آبادی کا
بھیڑیں جب تک شیر نہ بن لیں
نام نہ لیں آزادی کا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسانوں میں سانپ بہت ہیں
قاتل بھی زہریلے بھی
ان سے بچنا مشکل ہے
  آزاد بھی ہیں پھرتیلے بھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانپ تو بننا مشکل ہے
اس خصلت سے معذور ہیں ہم
منتر جاننے والوں کی
محتاجی پر مجبور ہیں ہم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہیں بھی ہیں چڑیاں بھی ہیں
انسانوں کی بستی میں
ان کو ناز بلندی پر
یہ نازاں اپنی پستی میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گرمی
اب سورج سر پر آ دھمکے گا
ٹھنڈا لوہا چمکے گا
اور دھوپ جواں ہوجائے گی
سٹھیائے ہوئے فرزانوں پر
اب زیست گرا ں ہوجائے گی
اب اصل عیاں ہوجائے گی
 اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب آگ بگولے ناچیں گے
سب لنگڑے لُولے ناچیں گے
گردابِ بل بن جائیں گے
روندی ہوئی مٹی کے ذرے
طوفانِ بلا بن جائیں گے
صحرا دریا بن جائیں گے
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
اب سستی جال بچھائے گی
اب دھونس نہ چلنے پائے گی
مزدوروں اور کسانوں پر
اب سوکھا لہو نچوڑنے والے
روئیں گے نقصانوں پر
ان کھیتوں اور کھلیانوں پر
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب پیلی دھات کی بیماری
پھیلا نہ سکیں گے بیوپاری
لوہے کا لوہا ما نیں گے
سونے کی گہری کانوں میں
سو جانا بہتر جانیں گے
در در کی خاک نہ چھانیں گے
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب خون کے ساگر کھولیں گے
انسان کے جوہر کھولیں گے
چڑھ جائے گی تپ صحراؤں کو
اٹھے گی اُمڈ کرلال آندھی
پی جائے گی دریا ؤں کو
باندھے گا تند ہواؤں کو
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر زلف سے بچھو لپکیں گے
آنکھوں کے شرارے لپکیں گے
صیادوں حسن شکاروں پر
پھوٹے کا پسینہ غصے کا
  موتی بن کر رخساروں پر
اس دھوپ میں چاند ستاروں پر
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب دودھ نہ دیں گی بھینیسں گائیں
اف اف کرنے لگیں گی مائیں
بچے مم مم چیخیں گے
اب اونگنھے والے نکھٹو شوہر
عقل مجسم چیخیں گے
سب درہم برہم چیخیں گے
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب خانقہوں کی  مردہ اداسی
روز اول کی بھوکی پیاسی
جھومے گی میخانوں پر
اب ساقی منچے،پیر مغاں
بیچیں گے وعظ دکانوں پر
اب  زہر بھرے پیمانوں پر
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زور آوری سے کمزوروں کی
 اب جیب کٹے گی چوروں کی
اور منڈی ساہو کاروں کی
اک بھوکی “ہو’ حق” سیر کرے گی
منڈیوں اور بازارو ں کی
گت دیکھ کے دنیاداروں کی
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جیسا دل گردہ ڈھونڈ ے گا
ہر زندہ مردہ ڈھونڈے گا
کوئی کونا کھدرا تہہ خانہ
اب ہر جنگل میں منگل ہوگا
ہر بستی میں ویرانہ
اک نعرہ لگا کر مستانہ
اب خوب ہنسےگا دیوانہ 
سردی
اب جاڑا جھنڈے گاڑےگا 
اور فیل فلک چنگھاڑے گا
اب بادل شور مچائیں گے
اب بھوت فلک پر چڑ ھ دوڑیں گے
دھرتی کو دہلائیں گے
ہنسنے کے مزے اب آئیں گے
اب خوب ہنسےگا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایوان کریں گے بھائیں بھائیں
پھونس کی جھونپڑیوں میں ہوائیں
سائیں سائیں گونجیں گی
اس گونج میں بھوکے ننگوں کی
سنسان صدائیں گونجیں گی
ویران سرائیں گونجیں گی
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب بجلی کے کوڑوں سے ہوا
شمشیر بکف،زنجیر بپا
لوہے کے رتھوں کو ہانکے گی
ایک ایک دھوئیں کے محمل سے
صد حسن کی ملکہ جھانکے گی
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تخریب کی توپیں چھوٹیں گی
تعمیر کی کلیاں پھوٹیں گی
ہر گور ستانِِ شاہی میں
بالائے ہوا’ زیر دریا
غل ہوگا مرغ دماغی میں
اس نو آباد تباہی میں
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ناگن با بنی گرمائے گی
سانپ کی لانی لہرائے گی
کالے آتش دانوں میں
دانائیاں کینچلی بدلیں گی
شہروں کے بندی خانوں میں
اور دور کھلے میدانوں میں
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بُھس خالی پیٹ میں بھر نہ سکے گا
کوئی تجارت کر نہ سکے گا
سکڑی سکڑی کھالوں کی
اب منڈھ بھی جائے تو بچ نہ سکے گی
نوبت پیسے والوں کی
بیکاری پر دلالوں کی
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب دال نہ جاگیروں کی گلے گی
آگ مگر دن رات جلے گی
چمڑے کے تنوروں میں
اب کال پڑے گا غلے کا
بیوپاروں ،بے مقدوروں  میں
اور پیٹ بھرے مزوروں میں
اب خوب ہنسے گا دیوانہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب گاڑھا   پسینہ بننے والے
اوڑھے پھریں گے شال دوشالے
مفت نہ جھولی جھولیں گے
پھولے ہوئے گال اب پچکیں گے
پچکی ہوئی توند پھولیں گی
سب عقلیں چوکڑیاں بھولیں گی
اب خوب ہنسے گا دیوانہ !!!


Wednesday, March 14, 2018

مجرم ہیں اے جگر گوشۃ رسول ہم مجرم ہیں


اگر اب بھی ہمالیہ الٹ کر اوپر نہیں آن گرتا تو کب گرے گا ؟ اگر اب بھی بحر ہند کا پانی اس دھرتی کو نگل نہیں جاتا تو کب نگلے گا ؟
خدا کا خوف کرو اہل پاکستان ،اللہ کے غضب سے ڈرو ،تمہاری بد بختی اسفل السافلین کے اس شرم ناک درجے پر پہنچ چکی ہے کہ فرشتے تاسف سے اور حیرت سے انگلیاں دانتوں میں دابے حکم الٰہی کا انتظار کررہے ہیں ، کیا عجب تم پر پتھر برسیں ،کیا عجب زمین دھنس جائے اور تم اس میں غرق ہوجاؤ۔
اے اہل پاکستان !شرم کرو ،شرم سے ڈوب مرو ،ایک عورت جس کی آمدنی شفاف ہے نہ شہرت ۔وہ تمہارے سامنے اپنا موازنہ جگر گوشہء رسول سے کررہی ہے اور اپنے باپ کا موازنہ اس پاک ہستی سے کررہی ہے جس کے ساتھ موازنہ کوئی صحابی کرسکتا ہے نہ کوئی تابعی ،کوئی ولی نہ کوئی صوفی!
نقل  کفر کفر نہ باشد

“حضرت محمد ﷺ جب خانہ کعبہ میں نماز ادا کرتے تھے تو جب وہ سجدے میں جاتے تھے ،کفار کیا کرتے تھے؟تو  کیا جو گھناؤنی حرکت کرتے تھے تو وہ حضرت فاطمہ الزہرہ ان کے اوپر سے وہ ہٹاتی جاتی تھیں تو میرے بھائیو! چونکہ فتح ہوئی نہ پھر !!،کیونکہ والد حق پر تھا۔ والد سچے راستے پرتھا تو نواز شریف جو آپ کا لیڈر ہے ،میرا لیڈر ہے، میرا باپ ہے ،وہ بھی حق کے راستے پر ہے”۔

کیا اس سے بڑی گستاخئ رسول ہو سکتی ہے؟ پہلے سرور کائنات ﷺ کا ذکر “کیونکہ والد حق پر تھا۔ والد سچے راستے پر تھا”
اس  کے فوراً بعد یہ کہنا کہ “نواز شریف جو میرا باپ ہے وہ بھی حق پر ہے”
تمہیں کیا ہوگیا ہے َتمہاری غیرت کہاں گئی؟ اب میاں نواز شریف کا ذکر انبیا کے امام،دوجہانوں کے سردار کے بعد” وہ بھی حق کے راستے پر ہے” کے پیرائے میں آئے گا؟ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

یہ الفاظ ۔یہ موازنہ ‘سننے سے پہلے زمین پھٹ جاتی اور میں اس میں سما جاتا۔ یہ الفاظ ۔یہ موازنہ، اس عورت کے منہ سے نکلنے سے  پہلے آسمان گر پڑتا اور میں ہلاک ہوچکا ہوتا۔ یہ موازنہ میرے کانوں میں پڑنے سے پہلے بہتر تھا کہ پگھلا ہوا سیسہ میرے کانوں میں پڑتا ۔یہ ویڈیو کلپ جو اس ناپاک گستاخ موازنےپر مشتمل ہے اس کلپ کو دیکھنےسے پہلے میری آنکھوں میں سلائی پھر جاتی ،میری آنکھیں نکال لی جاتیں ۔

اس خدا کی قسم جس نے اس قوم کے سر پر اس خاندان کو عذاب کے طور پر مسلط کیا ہے۔کروڑوں اربوں کھربوں مریم نواز آجائیں ،اپنی ساری دولت کے ساتھ تو فاطمۃ الزہرہ،جگر گوشہء رسول کے مقدس پاؤں کے نیچے آنے والی مٹی کے ایک حقیر ،مشکل سے نظر آنے والے ذرے کے برابر بھی نہیں  ہوسکتیں ۔ نہیں ۔میں نے غلط کہا۔ خدا مجھے معاف کرے ،جگر گوشہء رسول کے پاؤں کے نیچے آنے والی مٹی کا ذرہ تو سوچ سے بھی پرے ہے حسن اور حسین کی والدہ ماجدہ کے غلاموں کے غلاموں اور پھر ا ن کے غلاموں کے غلاموں کے پاؤں کی مٹی کے ذرے کے برابر بھی اس جیسی اربوں کھربوں عورتیں نہیں ہوسکتیں ۔

خدا کی پناہ !چکی پیستے پیستے مقدس ہاتھوں میں چھالے پڑ گئے،کائنات کے سردار کی بیٹی ،باب علم علی المرتضی کی زوجہ،جنت کےسردار حسن اور حسین  رض کی  ماں اور موازنہ مریم نواز سے ۔تو پھر اے اہل پاکستان،تیار ہوجاؤ ،تعجب نہیں اگر چیخ آسمانوں سے اترے ،اس کی گرج سے تمہارے محلات منہدم  ہوجائیں اور تم یوں اوندھے گر  پڑو جیسے بے جان درختوں کے تنے گرتے ہیں ۔

یہ خاندان اقتدار اور بے ہنگم بے پایاں دولت کے نشے میں اب خاندان نبوت کے ساتھ اپنا موازنہ کرنے لگ گیا ہے ۔مگر افسوس! دولت کے نشے میں مست اس خاندان کا تو ذکر ہی کیا ، رونا تو یہ ہے کہ حرمت رسول پر کٹ مرنے کا دعویٰ کرنے والے یہ سب کچھ دیکھ کر ،زندہ ہیں ، کھانا کھا رہے ہیں ، پانی پی رہے ہیں ، سانس لے رہے ہیں ، یہاں تو حالت یہ ہے کہ اس گستاخ موازنے پر کائنات کی سانس رک گئی یے ،پہاڑ حکم کے منتظر ہیں کہ ماتم میں ریزہ ریزہ ہوجائیں ،سمندر غم میں سوکھ جانا چاہتے ہیں اور جب خدا نے اپنا فیصلہ دے دیا تو ایسا ہی ہوگا،اے اہل پاکستان،ایسا ہی ہوگا۔

پھر اس گستاخی سے بڑھ کر ایک اور گستاخی ،آقائے کائنات کا ذکر
“کہ والد حق پر تھا، والد سچے راستے پر تھا”
اور اسی سانس میں،اسی فقرے میں یہ کہنا کہ
“میرا باپ بھی حق کے راستے پر ہے”۔
نعوذ باللہ !ایک لاکھ بار ،ایک کروڑ بار، ایک ارب بار، ایک کھرب بار ،نعوذباللہ! کس کا موازنہ کس کے ساتھ۔
بسی نادیدنی را دیدہ ام من
مرا ای کاشکی مادر نہ زادی
کاش ! میری ماں مجھے نہ جنتی اور میں یہ الفاظ نہ سنتا ۔

کیااس عورت کو اپنے باپ کے ساتھ موازنہ کرنے کے لیے پندرہ سو سال کے عرصے میں اور کوئی نہیں ملا۔؟ یہ اپنے باپ کا موازنہ کرنے سیدھی دربارِ رسالت جاپہنچی
کیوں ؟ کیا اندھیر پڑ گیا ہے ؟کیا مسلمان یہ برداشت کرلیں گے؟ خانہ کعبہ میں نماز پڑھنے والے سید مکی مدنی العربیﷺ کا ذکر اور ساتھ یہ الفاظ کہ میرا باپ بھی حق کے راستے پر ہے۔

نواز شریف حق کے جس راستے پر ہے ،کیا یہ حق کا وہی راستہ ہے جس پر خانہ کعبہ میں نماز پڑھنے والے آمنہ کے لعل چل رہے تھے؟ استغفار،کروڑ بار استغفار، تین کروڑ کی گھڑی پہننے والا باپ،منی لانڈرنگ کے مقدموں میں ملوث باپ ،ایک مل سے درجنوں فیکٹریاں ملیں کارخانے بنانے والا باپ ،دہلی سے لے کر مری تک بھارتیوں کے ساتھ ،وزارت خارجہ سے ماورا، ملنے والا باپ ،ایک طرف دھماکے  میں سسکتے پاکستانی اور  دوسری طرف اسی دن تقریر میں  ظہرانے  کے “کمزور” ہونے کا ذکر کرنے والا باپ، ایک غیر ملک میں چند ٹکو ں کی نوکری کا اقامہ بردار باپ، اپنے مال و دولت کے انبار در انبار کا حساب نہ دے سکنے والا باپ ،سچا اتنا کہ خالو کو پہچاننے میں گھنٹوں لگانے والا باپ، اور غضب خدا کا موازنہ خاتون جنت کے والد محترم کے ساتھ۔ننگی چٹائی پر سونے سے جن کے جسم اطہر پر نشان پڑ جاتے تھے ،پیٹ پر جن کے پتھر  بندھے تھے، پتے اپنے صحابہ کے ساتھ جنہوں نے ابال ابال کر کھائے، فاقوں میں جن کے کئی کئی دن گزرتے تھے،روٹی پر گوشت کا ٹکڑا رکھ کر فرمایا یہ جاکر فاطمہ کو دو وہ کئی دن سے فاقہ ہے، میرے خدا! اس قوم پر رحم کر، کس کا موازنہ کس کے ساتھ !! سن رہی ہے اور چپ ہے۔

حق کا راستہ ایک ہے، صرف ایک،جس پر فاطمۃ الزہرہ کے گرامی قدر والد چلے۔ اس راستے پر چلنے والے حلال حرام اکٹھا نہیں کرتے۔ کروڑوں کی گھڑی نہیں باندھتے ،حق کے اس واحد راستے پر چلنے والوں کے بیٹے فخر کے ساتھ نہیں کہتے کہ ہم پاکستانی نہیں ، حق کے راستے پر چلنے والے قوم کی ماؤں بیٹیوں ،بوڑھوں ،یتیموں اپاہجوں کے خون پسینے کی کمائی سے اکٹھی کی گئی تیس تیس گاڑیوں میں بیٹھ کر عدالتوں میں تکبر سے نہیں پیش ہوتے۔

ہاں !حق کا راستہ صرف ایک ہے۔ جس پر فاطمہ کے والد اور حسن حسین کے نانا چلے۔ اس عورت کو کوئی بتاؤ کہ سارے اموی اور سارے عباسی اور سارے عثمانی اور سارے اندلسی اور سارے فاطمی خلفا مل کر بھی جرات نہیں کرسکتے کہ اپنا موازنہ نعوذ باللہ ثم نعوذ باللہ محبوب خدا احمد مجتبی ،محمد مصطفی ﷺ سے کرسکیں ۔ سلطان الپ ارسلان ،سلطان محمود غزنوی ،سلطان التمش، صلاح الدین ایوبی، نواز الدین زنگی، اورنگزیب عالم گیر جیسے شہنشاہ جن کی سلطنتیں ملکوں اور کشوروں اور اقلیموں پر پھیلی ہوئی تھیں ! ذات گرامی کا ذکر کرتے ہوئے کانپ کانپ اٹھتے، موازنہ کرنے کا سوال ہی نہیں تھا، تمہارا تو یہ حال  ہے کہ اپنے چھوڑے ہوئے گاؤں کے نام پر تم نے محلات قطار اندر قطار اندر قطار کھڑے کئے، عوام کے بیت المال سے تم ایک غسل خانے پر کروڑوں روپے لگاتے ہو،چھوڑے ہوئے گاؤں کے نام پر جو محلات کا شہر بسایا ہے ،اس کے گرد چار دیواری ۔اس تک جانے والی شاہراہیں ، سب قوم کے خزانے سے،ہردوسرے محل کو سرکاری اقامت گاہ قرار دیتے ہوتاکہ اپنی جیب سے کچھ خرچ نہ کرنا پڑے، اور اب تمہاری دیدہ دلیری ،تمہاری جرات ،یہاں تک آ پہنچی ہے کہ تمہیں اپنا موازنہ کرنے کے لیے خدا اور پیغمبر اور ان کی مقدس صاحبزادی کے علاوہ اور کوئی نہیں ملتا۔ تم میں تو یہ بھی ہمت نہیں کہ اتنا ہی بتا دو کہ آخر حلف نامے میں ختم نبوت کی شق کس کے کہنے پر بدلی گئی۔
ہم شرمندہ ہیں !اے دخترِ رسول
ہم شرمندہ ہیں !اے جگر گوشہء رسول ! ہم مجرم ہیں ! 






Sunday, March 11, 2018

کنے بوئےتے کِنی باریاں نیں



کتنی ہی بار لاہور آئے۔ کئی کئی دن رہے ‘مزدوری کے حوالے سے لے کر ‘ذاتی حوالوں تک’ بارہا آنا اور رہنا ہوا۔ مگر اندرون لاہور دیکھنا ‘دیکھ کر سمجھنا اور سمجھ کر دیکھنا نہ نصیب ہوا۔ اس عرصہ میں دنیا کے کئی قدیم شہروں کے “اندرون” دیکھ لیے۔قرطبہ اور غرناطہ میں عربوں کے قدیم محلے ایک سے زیادہ مرتبہ چھانے ‘فاس میں کہ ہزاروں    برس پرانی گلیاں اب بھی راہگیرو ں  سے چھلک رہی ہیں ۔ گھوم پھر کر قدیم یونیورسٹیاں دیکھیں ۔ ابن خلدون جس گھر میں رہتا تھا، اس میں ج کل رہنے والے سے مکالمہ کیا۔ مراکش شہر میں وہ میدان دیکھا جس میں سینکڑوں سال پرانی روایتیں شام کو اب بھی اسی طرح زندہ دکھائی دیتی ہیں ۔یوسف بن تاشفین کے مزارپر حاضری دی ۔طنجہ میں سقہ کو ایک ہزار برس پرانے لباس میں پانی پلاتے دیکھا۔ پرانی تنگ گلیوں میں ابن بطوطہ کا مزار ڈھونڈا’ استنبول ‘قونیہ ‘عمان کے کوچے ماپے۔ خیورا ‘ ارگنج ‘ترمذ اور سمرقند کے آسمان کو دیکھا۔ بکارا میں “لبِ حوض” سے لے کر کوچہ تِل پگ فروشاں تک کی گرد کو لباس کی زینت بنایا۔ فلپائن کے شہر منیلا میں مسلمان بادشاہوں کے محلات دیکھے ۔روم اور نیپلز کی تنگ گلیوں میں پرانے پتھروں کے فرش پر جوتے گھسائے۔ آگرہ اور دہلی کے پرانے حصے دیکھے۔ چتا گانگ ‘کاکسس بازار  کے ساحلوں سے لے کر میمن سنگھ کے جنگلوں تک گھوم پھر لیا۔ کئی اور علاقوں ‘کئی اور شہروں اور کئی اور ملکوں کے قدیم قریوں کی خاک چھانی ۔مگر ستم ظریفی کی انتہا کہ نہیں دیکھا تو نظر نہ آنے والی فصیل کے اندر کا لاہور نہیں دیکھا۔
یہاں سے بارہا گزارا مگر خبر نہ ہوئی
کہ زیر سنگ خنک پانیوں کا چشمہ تھا!

اس نعمت سے محرومی کا داغ ماتھے پر لگا ہی رہتا اگر عزیزم علی اکبر ناطق کی ‘اندرون لاہور کے بارے میں ایک اشتہا انگیز تحریر پر نظر نہ پڑتی۔ اب یہ عزیز علی اکبر ناطق بجائے خود  ایک عجائبات ہے۔ اکل کھرا اتنا کہ اوکاڑہ سے ہے مگر لگتا میرے علاقے کا اعوان ہے۔ جو بات دل میں ہے لگی لپٹی بغیر’ صاف  صاف کہہ دینے والا،لائق فائق بہت کہ ابھی شباب کا سورج عین سر پر نہیں پہنچا مگر شعری اور نثری تصنیف پین گوئن سے لے کر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس تک ہر بڑے اشاعتی ادارے سے چھپ چکی ہیں ۔ اور اندرون ملک اور بیرون ملک شہرت پھیل رہی ہے۔ کچھ مزاج کی فتح  جنگی اعوانیت ‘اور کچھ خداداد ٹیلنٹ سے جنم لیتی خوبصورت ‘دل آویز تحریریں ‘علی اکبر ناطق آگے  بڑھتا جارہاہےاور پیچھے حاسدوں بد خواہوں کا  ہر  دم بڑھتا غول’ شور شرابہ کرتا چلا آرہا ہے۔ بنیادی طور پر عزیزم حسان بن احسان کا دوست ہے۔ اس حوالے سے وضعداری نبھانا جانتا ہے۔ اور احترام اس قدر کرتا ہے کہ شرمندگی ہونے لگتی ہے۔

خیر! اندرون لاہور کی سیر کا اہتمام اس نے اس طرح کیا کہ تنظیمی صلاحیت بھی دکھا دی۔ ہر جگہ معاملات پہلے سے طے اور دوستوں کا گروہ پذیرائی کے لیے موجود’ ملک وقار نے جو اندرون شہر ایک  سیاسی جماعت کے سرکردہ لیڈر ہیں  ۔رہنمائی کی اور خوب کی! ملک وقار کو اس امر کا کریڈٹ دینا چاہیے کہ باقی اہل سیاست کے برعکس ‘اندرون لاہور سے نقل مکانی کرکے کسی ماڈرن مضافاتی آبادی میں نہیں گئے۔ اپنے حلقے ہی میں رہتے ہیں اسی لیے آدھا وقت وقار نے ہمیں دیا اور آدھا گلیوں محلوں چوراہوں سے سلام وصول کرنے پر لگایا۔

یہ ایک الگ دنیا ہے۔ فصیل شہر سے باہر کے شہر سے اس کا کوئی تعلق نہیں ! یہ اکبر کی دنیا ہے، شاہ جہاں کی دنیا ہے’ ان گلیوں میں چلتے پھرتے لوگ آج کے زمانے کے نہیں !جہانگیر اور اورنگزیب ‘شاہ عالم ثانی اور بہادر شاہ ظفر کے عہد کے لوگ ہیں ۔ ان تنگ بازاروں سے دائیں بائیں نکلتی پانچ فٹ چوڑی گلیوں میں آنکھیں بند کرکے دیکھیے’ پگڑیوں  اور دستاروں اور چغوں ‘صدریوں اور انگرکھوں میں ملبوس ‘گھوڑ سوار’پالکی سوار ‘فیل سوار’اب بھی نظر آرہے ہیں ! خوانچہ فروش انہی زمانوں کے ہیں۔ فرش بھی وہی ہیں اور گلیوں پر جھکے ہوئے آسمان کے ٹکڑے بھی وہی ہیں ! ابھی آنکھیں نہ کھولیے۔  ابھی کئی کوچوں سے گزرنا ہے! یہاں نعل لگ رہے ہیں ! یہ کوزہ گروں کی گلی ہے۔ وہاں کفش دوز بیٹھے ہیں ! یہ بیٹھک کا تباں ہے۔ ادھر دیکھیے ‘کشمیری بازار ایک افق سے جو چلا ہے ‘تو دوسرے افق تک پھیلتا ہی چلا گیا ہے۔ مغل شہزادیاں  یہاں بھیس بدل کر آتی ہیں اور ملبوسات بنواتی ہیں ۔  چنری’ مقیش’سلمہ ستارا’ گوٹی کنارا’کرن لپا’ دبکی’ تھپہ’زرتار’کیا ہے جونہیں جھلملا رہا ! عورتوں کے ٹھٹھ لگے ہیں ۔ کوئی پالکی سے اتر رہی ہے۔ کہیں کہار آوازیں لگا کر پیدل چلنے والوں سے راستہ مانگ رہے ہیں ۔ گھوڑ سوار آرہے ہیں، جارہے ہیں ۔ ادھر دیکھیے’ہاتھی چلا آرہا ہے۔ زرد رنگ کا ہودہ ہے۔ اس میں بیبیاں   سوار ہیں جن کے ملبوسات کا سرخ رنگ دور سے ہی نظر آرہا ہے۔ !نانبائی اور کبابچی اس قدر مصروف کہ کان کھجانے کی فرصت نہیں  ! اہل لاہور کوخوش خوراکی کا چسکہ آج سے نہیں ‘اس زمانے سے ہے جب ان کا شہر ‘کشمیری جانے والے بادشاہوں اور وہاں سے آنے والے شاہی قافلوں کے لیے آرام اور پڑاؤ کی جگہ تھی۔ کیا عجب پائے اور چنوں کی پچاس پچاس دیگیں محل میں یہاں سے ہر روز جاتی ہوں !

بھاٹی گیٹ سے لے کر دہلی دروازے تک اور اس کی بغل میں واقع کوتوالی تک’ پرانا لاہور ایک نوحہ ہے!! ایک دلدوز چیخ ہے!ایک گھٹی ہوئی سسکی ہے! ایک ماتم سرائے ہے! اے اہل لاہور !تم نے اپنے ناشتے اور عشائیے کی روایات تو زندہ رکھیں !تم نے الائچی کے پانی میں پکا ہوا اداس کلچہ تو ضائع نہ ہونے دیا ۔تمہارے پکوانوں میں آسمانی مہک اب بھی برقرار ہے۔ تمہارے تِل تمہارے مصالحے ‘تمہارے چنے’ تمہارے گوشت کی اور دال کی  اور کشمیری اور مغلئی اور لکھنوی اور دکنی کھانوں کی خوشبوئیں اب بھی پورے کرہ  ارض سے شائقین کو کھینچ کر ان تنگ و تاریک گلیوں میں لارہی  ہے۔

مگر تم نے اپنی تاریخ کو زنگ آلود کردیا ہے تمہاری عمارتیں غدر کی تباہی کا منظر پیش کررہی ہیں !کیا تم دیکھ نہیں رہے کہ موتی مسجدکے صحن میں واقع تالاب کا پانی سالہا سال سے گرد و غبار ‘کائی ‘خود رو گھاس ‘ جونکوں اور  دنیا بھر کے آبی حشرات الارض کی آماجگاہ بنا ہواہے۔ اس مسجد کے بیرونی دروازے پر جو شہ نشینیں ہیں ‘ان پر بیٹھ کر خواتین اور مرد کھانے  کھا  رہے  ہیں  کھاتے چلے جارہے ہیں مگر یہ نہیں دیکھتے کہ لوہا  کس بے دردی سے دیواروں میں ٹھوکا گیا ہے اور مہیب ‘برقی تاریں کس طرح حسنِ تعمیر کے گلے میں پھندا بن گئی ہیں ۔
  وہ دیکھو !گھوڑے پر سوار کون جارہا ہے؟ یہ شمس العلما مولانا محمد حسین زاد ہیں ۔ ان کے ارد گرد ‘کتابیں کھولے’پیدل چلنے والوں کا گروہ کا گروہ’ ساتھ ساتھ رواں ہے! یہ ان کے شاگرد ہیں جو آسام سے اور مدارس سے اور کلکتہ سے اور بمبئی سے اور برصغیر کے اطراف و اکناف سے ان کے پاس تحصیل ِ علم کے لیے آئے ہیں ! عربی اور فارسی ادب پڑھانے میں محمد حسین آزاد کا کوئی ثانی نہیں ۔ پنجاب یونیورسٹی کے بانی اور گورنمنٹ کالج کے پہلے پرنسپل پروفیسر جی ڈبلیو لائٹنرکی خصوصی درخواست پر مولانا نے پڑھانا شروع کیا ۔گورنمنٹ کالج اور اورئنٹیل کالج کی بنیادوں میں وہ اسباق ہیں جو مولانا نے شروع  کیے ! پھر اہل لاہور کے لیے لائبریری بنانے کا عزم  کیا ۔وسط ایشیا اور ایران کے سفر کیے اور ہر شہر اور ہر  خطے اور ہر ملک اور ہر اقلیم اور ہر کشور سے کتابیں لائے ۔حالت یہ تھی کہ ایران سے واپس آرہے تھے   تو  بیل گاڑی میں اپنی جمع کردہ کتابوں کے ساتھ سامان کی طرح سفرکیا۔اسباب کے ساتھ اسباب ‘سامان کےساتھ سامان ہوگئے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ دہلی دروازے کے اندر’اکبری منڈی  کے کنارے ’  محمد  حسین  آزاد کی قیام گاہ آج بھی گورنمنٹ کالج اور اورئنٹیل کالج کا حصہ ہوتی اسے اسی طرح محفوظ رکھا جاتا جیسے تھی۔

مگر خدا  کی پناہ!آزاد کے استعمال میں رہنے والے کمرے اور چوبارے مال اسباب  کے گودام بنے ہوئے ہیں کہیں کوئی تختی تک نہیں لگی ہوئی۔ کسی دیوار پر چار سطریں تاریخ اور تعارف کی احوال زندگی کی نظر نہیں آتیں۔سنا ہے حکومت کا کوئی محکمہ ورلڈ بینک کے دیے ہوئے قرض سے پرانے شہر کی بحالی کاکام کررہاہے ! اول تو یہی مذاق کیا کم ہے کہ جو عمارتیں اور مسجدیں اور حویلیاں اور چوراہے اور جھروکے ورلڈ بینک کی پیدائش سے پہلے کسی گوری امداد کے بغیر بنے تھے۔اب ان کی بھالی کے لیے گوروں سے قرضہ لیا جارہا ہے۔ یہ خدشہ اس پر مستزاد ہے کہ بحالی کا یہ منصوبہ چند بے روزگاروں کی بحالی کی نذر ہوجائے گا۔

گورنمنٹ کالج کی ابتدائی کلاسیں ‘دھیان سنگھ حویلی میں شروع ہوئی تھیں ۔ کوئی اور ملک  ہوتا تو یہاں اب بھی کلاسیں ہورہی ہوتیں ۔حویلی کالج کا حصہ ہوتی ! ان نو طلبہ کے نام ہی کسی تختی پر درج کرکے شکستہ دیوار پر لگا دیے ہوتے جو پہلی کلاس میں بیٹھے تھے۔مگر خوش خوراک حکمرانوں کے زمانوں میں نوکر شاہی کے ارکان نے بھی زور  فوڈ سٹریٹس ہی پر دیا ۔
کسی کو کیا معلوم کہ آزاد  لائبریری کی کتابیں کہاں ہیں ؟ کیا کہیں محفوظ کی گئیں یا ان کی آنچ پر شب دیگ اور ہریسے پکا لیے گئے ؟
قدیم لاہور کے چند ہی حصے دیکھے اور زخم کئی لگ گئے ۔جو رہ گئے ‘انہیں دیکھ کر طالب علم کا کیا حال ہوگا!


Friday, March 09, 2018

شوکت ہمارے ساتھ عجب حادثہ ہوا


جب پارلیمنٹ ایک دکان ہے اور دکان کے اندر مختلف سبزیاں بکنے کے لیے رکھی ہیں تو اس سےکیا فرق پڑتا ہے کہ کون سی سبزی کہاں پر رکھی جائے’ چیئرمین رضا ربانی ہوں یا مشاہد حسین یا کوئی اور’ بکنے والی سبزی’ بکنے والی سبزی ہی رہے گی! فرنگی زبان میں ایسے شخص کو جو سوچنے  سمجنے سے عاری ہو ‘اپنی رائے نہ رکھتا ہو’ ویجی ٹیبل ہی کہتے ہیں ‘ ا س مریض کو بھی ویجی ٹیبل کہتے ہیں ۔ جو بستر پر پڑا ہو۔ نلکیاں لگی ہوں ۔بات نہ کرسکتا ہو، سُن ’سمجھ نہ سکتا ہو!

دلچسپ ترین مطالعہ ان سیاست دانوں کے دلوں اور ضمیروں اور دماغوں اور روحوں کا وہ تصویریں ہیں جو ان دنوں دکھائی دے رہی ہیں ۔بندر بادشاہ بنا تو جنگل کے تمام جانور اپنے اپنے مسائل لے کر حاضر ہوئے۔ بند ر درخت پر چڑھ گیا ۔ایک ڈال سے پھدکتا تو دوسرے پر بیٹھ جاتا ہے۔ دوسرے سے تیسرے پر !جانوروں نے مسائل کا حل پوچھا تو کہنے لگا آپ حضرات میری آنیاں  جانیاں تو ملاحظہ فرمائیے!

تصویروں سے ان حضرات کی آنیاں جانیاں پتہ چل رہی ہیں ۔ان کے چہرے دیکھ کر ان کی حیثیتیں معلوم ہو رہی ہیں ، اور یہ بھی مترشح ہورہا ہے کہ ان کی سوچ کی بلندی کتنی ہے۔ ایک تصویر میں زرداری صاحب اور مولانا نظر آرہے ہیں ۔ مسکراہٹیں ایک کان سے دوسرے کان تک پھیلی ہوئی ہیں ۔ دونوں کے حواری ‘پیچھے بیٹھے بھی ٹوتھ پیسٹوں کا اشتہار بنے ہوئے ہیں ، کوئی پوچھے کہ کس کارنامے پر آپ اور آپ کے لیڈر ہنس رہے ہیں ۔ ؟دونوں کو خلق خدا نے کیا کیا نام دے رکھے ہیں ۔ ‘کیا یہ کامیابی کی دلیل ہے؟ ڈیرہ اسماعیل خان کے نواح میں فوجی  زمینوں  کے عطیے سے لے کر نیویارک فرانس اور برطانیہ میں پھیلی ہوئی جائیدادوں کے علاوہ اس بیگ میں اور کیا ہے جسے ان میں سے ہر ایک  نے اٹھایا ہوا ہے۔
اور تصویر میں یہی مولانا’ نواز شریف صاحب کے ساتھ بیٹھے ہیں ۔ یہاں بھی مسکرا رہے ہیں۔ اس تصویر کو غور سے دیکھنے پر معلوم ہوتا ہے کہ اس ملک کی قسمت پر مُہر لگی ہے ۔ایک طرف ایک صاحب بیٹھے ہنس رہے ہیں جو حال ہی میں ایک پارٹی کو چھوڑ کر نو ن لیگ میں دوبارہ'یا شاید سہہ بار’داخل ہوئے ہیں ۔ ہنسی   بتا رہی ہے کہ ضمیر نام کی کوئی شے نہیں ! پارٹیاں بدلتے جائیے ‘عہدے مراعات لیتے جائیے !اور ہنستے جائیے ! جب حیا کی پرت چہرے سے اتر جائے تو ہنسنے میں کیا حرج ہے ! نواز شریف کے دائیں ہاتھ ایک چادر پوش بیٹھا ہنس رہا ہے۔میڈیا دہائی دے چکا ہے کہ اس شخص کے تعلقات پڑوسی ملک کی پاکستان دشمن خفیہ تنظیم کے سربراہ سے ہیں ۔ گاڑیاں اور کرنسی وہاں سے آتی رہی ہے۔ یہ شخص پاکستان کے علاقوں کو ایک دوسرے ملک کی ملکیت’ واضح  طور پر نہیں ‘تو اشاروں کنایوں سے ثابت کرتا رہا ہے۔ برترین شہرت کا ملک ہے۔آبائی طور پر قیام پاکستان کا مخالف رہا ۔ مگر میاں نواز شریف کا پھر بھی دست راست  رہا اور تصویر میں بھی دائیں ہاتھ بیٹھا دکھائی دے رہا ہے ۔ا سی تصویر میں ایک اور صاحب دکھائی دے رہے ہیں جو ڈان لیکس کے شہرت یافتہ ہیں ۔ ذاتی وفاداری کے علاوہ ان کے تھیلے میں کوئی شئے نہیں ! اس سطح تک گرے کہ لندن کے معروف علاقے مڈل سیکس کے بارے میں کہا کہ اس علاقے کا نام نہیں لینا چاہتا، کیوں کہ مسلمان کی زبان پر اس علاقے کا نام آجائے تو وضو کرنا پڑتا ہے ۔وجہ یہ تھی کہ اس علاقے میں عمران خان کے بچے رہتے تھے۔ مڈل سیکس میں سیکس کا جو لفظ ہے وہ saxon سے نکلا ہے، جو مشہور برطانوی قبیلہ ہے۔

اسی سےsussexنکلا ہے۔saxon اصل میں seaxہے جو ایک چاقو کا نام تھا ۔لوگ اس چاقو کو اپنے پاس رکھتے تھے ۔اس علاقے کے بارے میں ان صاحب نے کہا کہ مسلمان اس کا نام لے تو وضو کرنا پڑتا ہے۔ اس علاقے میں لاکھوں مسلمان آبادہیں اور کئی مساجد ہیں ۔سچ کہا کسی نے کہ نیچے گرنے  کی کوئی حدنہیں ہوتی۔انسان غلامی اختیار کرے تو پھر کرتا ہی چلا جاتا ہے۔ اس پر علم و فضل دیکھیے ۔قبیلے کا نام جنس سے ملا دیا۔ جب بادشاہ کا اپنا مبلغ علم آلو گوشت پر مشتمل ہوگا اور تقریروں میں ظہرانوں کے “کمزور” ہونے کی شکایت ہوگی تو مشیر اور حواری بھی اسی پائے کے ہوں گے!

ایک اور تصویر تحریک انصاف پر ماتم کناں ہے۔ ا س تصویر میں ایک سیاست دان بارعب’ سنجیدہ چہرہ دکھائی دے رہا ہے۔ پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا ۔پھر جنرل مشرف کی کابینہ کا حصہ بن گئے ۔2008 میں مسلم لیگ قاف کی طرف سے الیکشن میں حصہ لیا۔ 2013 میں مسلم لیگ نون کی طرف سے انتخابات میں حصہ لیا اور اب ماشااللہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ شامل ہونے سے پہلے آپ نے عمران خان سے باقاعدہ ملاقات کی! اس کے بعد شمولیت کا اعلان کیا۔ یہ تصویر اس مذاق کا تازہ ترین ثبوت ہے جو تحریک انصاف نے اس ملک کے پڑھے لکھے عوام کے ساتھ مڈل کلاس کے ساتھ اور ان لاکھوں   نوجوانوں  کے ساتھ کھیلا جو تحریک انصاف کے لیے جوش اور جذبے کا پرچم اٹھائے  گھروں سے نکلے تھے۔تحریک انصاف نے ا ن نوجوانوں کے چہروں  پر ایسی کالک ملی  ہے جو   کسی تیزاب سے بھی صاف نہیں ہوگی !زرداری صاحب اور نواز شریف صاحب کا جرم اتنا بڑا نہیں جتنا بڑا جرم عمرا ن خان کا ہے ،اس لیے کہ اول الذکر دونوں سیاسی رہنماؤں نے تبدیلی کا نعرہ لگایا نہ یہ اعلان کیا کہ کرپشن کو ختم کریں گے ۔انہوں نے اسی رویے کا مظاہرہ  کیا جس کے لیے وہ مشہورہیں ۔ عمران خان کا جرم ناقابل معافی اس لیے بن جاتا ہے کہ اس نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، کرپشن کے خلاف جنگ کا اعلان کیا اور پھر اسی صف میں شامل ہو گیا جس میں زرداری صاحب اور نواز شریف صاحب کھڑے تھے۔تحریک انصاف سے وابستہ “بدلتے پاکستان” کے متوالے نوجوانوں کو چاہیے کہ دوسری سیاسی جماعتوں کو طلاق دے کو جو “ جانے پہچانے “ اور “مشہور و معروف “ سیاستدان تحریک انصاف کے ساتھ  ایک اور عقد باندھ رہے ہیں ،ان کی بڑی بڑی قد آدم تصویریں شہروں اور چوراہوں پر رکھیں اور ان تصویروں کے ارد گرد ناچیں ‘ بھنگڑا ڈالیں اور تبدیلی کے نعرے لگائیں ! ہر رطب و یابس کو  پارٹی میں لینے کی یہی وہ پالیسی ہے جس کے نتیجہ میں تحریک انصاف کے عوامی نمائندے بھی سینٹ کے انتخابات میں اسی طرح فروخت ہوئے جیسے دوسری پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بکے۔ پرویز خٹک صاحب نے عمران خان کو رپورٹ پیش کی کہ تحریک انصاف کے سترہ سے بیس ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ فروخت کیے! اس پر تعجب کیسا ؟ جب آپ ایسے نام نہاد سیاست دانوں کو پارٹی میں قبول کریں گے او رکرتے جائیں گے جو ایک پارٹی سے دوسری’دوسری سے تیسری’ تیسری سے چوتھی اور چوتھی سے پانچویں میں منتقل ہوتے جائیں  گے تو انہیں فروخت ہونے سے کیسے روک سکیں گے؟

کیا ہے تحریک انصاف ! ایک ایسی بوتل کےسواکچھ نہیں جس میں شراب پرانی ہے صرف لیبل نیا ہے۔ کراچی میں قتل و غارت شروع ہوئی تو کسی نے خوب کہا تھا کہ کراچی بیروت بننے سے پہلے ہی بیروت بن گیا۔ تحریک انصاف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ بننے سے پپہلے ہی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ بن گئی۔ فرض کیجئے ‘آئندہ انتخابات  میں عمران خان کی پارٹی کو حکومت مل جاتی  ہے(جس کا بظاہر دور دور تک امکان نہیں ) تو عمران خان  کے دائیں بائیں وزراء کون ہوں گے؟ جناب نذر گوندل ‘محترمہ فردوس عاشق اعوان ‘جناب عمر ایوب خان اورجناب رضا حیات ہراج! پھر پاکستان تبدیل ہوجائے گا! کرپشن ختم ہوجائے گی موسم نئے آئیں گے، ملک کا نام روشن ہوجائے گا!

جب یہ دلیل دی جاتی ہے تو آخر انہی سیاست دانوں  سے  کام چلانا ہے’فرشتے کہاں سے لائیں گے تو تحریک انصاف کے  ذہنی افلاس پر رحم آتا ہے!خدا کے بندو! اس ملک کی آبادی بائیس کروڑ سے زیادہ ہے جب تبدیلی کا اعلان کردیا تو پھر آزمائے ہوئے بکاؤ مال کے بجائے جوان خون پر اعتماد کرو’ نئی ٹیم لاتے’کرپشن سے تنگ  آئی ہوئی مڈل کلاس نئی ٹیم کو ہاتھوں ہاتھ لیتی۔ اگر آخر میں حکومت کرنے کا موقع نہیں ملنا تو یہ منزل اصولوں پر قائم رہ کر بھی حاصل کی جاسکتی تھی۔ استقامت اور نیک نامی تو مل جاتی! یہ وہی بات ہے جو ایک وکیل نے مقدمہ ہارنے والے سے کہی تھی کہ احمق !فلاں وکیل کو چار لاکھ دے کر مقدمہ ہارے ہو’ یہی کام چالیس ہزار میں کردیتا !

رہے رضا ربانی !جن کے ارشادات عالیہ پر ہمارے کچھ دوست کُڑھ رہے ہیں ۔ رضا ربانی صاحب کو مرفوع القلم قرار دیا جائے تو سارا مسئلہ ہی حل ہوجا تا ہے۔شوکت واسطی مرحوم نے کہا تھا کہ
شوکت ہمارے ساتھ عجب حادثہ ہوا
ہم رہ گئے ہمارا زمانہ نکل گیا

رضا ربانی صاحب وقت سے پیچھے رہ گئے ۔
نہ پوچھ حال میرا چوپ خشکِ صحرا ہوں
لگا کے آگ جسے کارواں روانہ ہوا!

دہائیوں سے ‘عشروں سے’زمانوں سے اپنے خول میں بند ہیں ۔ وہی ٹریڈ یونین کا مائنڈ سیٹ ‘وہی ٹرک پر چڑھ کر فوج کے خلاف نعرے لگانے والی طفلانہ خواہش !دنیا آگے نکل چکی ہے،اب لوگ پوچھتے ہیں کہ رضا ربانی کو جمہوریت کا درد اس وقت نہ ہوا جب زرداری صاحب کو امارات کا پہاڑ قرار دیا گیا۔ جب یوسف رضا گیلانی صاحب اور راجہ پرویز اشرف کی حکومتوں میں احرام تک بک گئے۔ ٹین ایجر بلاول کے سامنے دست بستہ کھڑے ہونے والے رضا ربانی ایک لطیفے کے سوا کچھ نہیں ۔سینٹ کی چیئرمینی گزار لی۔ زندگی کا مقصد پورا ہوا ۔اپنی پارٹی کی کرپشن تو پسند آئی ہی تھی’مسلم لیگ نون کے زعما کی دولت کے انبار بھی جائز لگے۔جبھی ان کی حمایت میں عدلیہ کے خلاف خم ٹھونک کر کھڑے ہوگئے۔ صلہ بھی جلد ہی مل گیا۔ نواز شریف صاحب نے چیئرمینی کے لیے ان کا نام تجویزکردیا ۔یہ اور بات کہ سنتے ہیں اصل میں  کوئی دوسرا نام چلایا ہے،مگر کاسے میں جو سکہ بھی پڑ جائے ‘غنیمت ہے۔کھنکتا تو ہے



Wednesday, March 07, 2018

ایک کلو گرام دودھ میں ایک قطرہ گندگی


سینیٹ کے انتخابات میں کرنسی نوٹو ں کی بوریاں ، بیل گاڑیو ں ،کارگو ٹرینوں،ٹرکوں ،بھڑولوں میں بھر کر ایک دوسرے کے ہاں بھیجی گئیں ۔ دوروازے کھٹکھٹائے گئے ۔اندر سے جو باہر نکلا ،اس نے نوٹ گنے، قبول کئے اور اپنی عزت کا سودا عصمت کے سودے کی طرح کیا۔ تف اس ذہنیت پر جو عصمت بیچنے والی ڈیرہ دارن کو برا بھلا کہتی ہے مگر ووٹ بیچنے والے کو عصمت فروش سے زیادہ گنہگار نہیں گردانتی! یہ ضمیر کا سودا کرنے والے ننگ خلائق ہیں !مگر المیہ یہ نہیں اصل المیہ اور ہے۔
جمہوریت یہاں زور والوں کی شکایت کرتی تھی۔ بندوق والوں سے زیادہ ڈرتی تھی ۔تلوار کے زخم دکھاتی تھی۔ اب زر کا زمانہ آگیا ہے ۔جس ملک میں قائداعظم تھے،لیاقت علی خان تھے،عبدالرب نشتر تھے،مولوی تمیز الدین ،مولوی فرید احمد ،نور الامین تھے،سب فقیر۔ دولت سے بے نیاز ۔یہاں تک کہ بیوروکریٹ بھی سرکاری گاڑی ذاتی مقصد کے لیے استعمال کرتے تھے  تو خزانے میں  رقم جمع کراتے تھے ۔چوہدری محمد علی نے سابق وزیر اعظم کے طور پر بیرون ملک علاج کرانے کے لیے اٹھارہ (یا بیس) ہزار روپے حکومت سے ادھار لیے۔ایک ایک پائی واپس کی۔ اس ملک میں اب زرداری ہیں جن کا اوڑھنا بچھونا روپیہ ہے۔ ان کے شش جہات ۔دائیں بائیں آگے پیچھے اوپر نیچے ۔سب روپےسے عبارت ہیں ۔ وہ کچھ بھی خرید سکتے ہیں ۔ اسی ملک میں اب نواز شریف ہیں ۔ جو کسی سنجیدہ موضوع پر گفتگو نہیں کرسکتے۔ کسی غیر ملکی رہنما سے بات چیت کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ مگر دولت کے ان کے پاس انبار ہیں ۔ اتنے انبار کہ دنیا کی کوئی مشین ان کی کل دولت کا اندازہ نہیں کرسکے گی ،جو عدالت بھی جائیں تو درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول میں جاتے ہیں ،جو یہ کہتے ہوئے رمق   بھر جھجھک محسوس نہیں کرتے کہ دولت کمائی ہے حساب نہیں دیا تو تمہیں کیا؟ افسوس! یہ نوا زشریف ،جن کا واحد حوالہ دولت ہے ،ا س بات کے متمنی ہیں کہ آئندہ سالہا سال تک اقتدار انہی کے خاندان میں رہے ۔مگر اصل المیہ یہ بھی نہیں ۔اصل المیہ اور ہے!!!
اصل المیہ ابلیس کا رویہ ہے  ۔ ابلیس جس رویے کی وجہ سے مردود ٹھہرا،وہ رویہ اب ہمارے ہاں مقبول ہورہا ہے۔ ابلیس معصیت کی وجہ سے رد خلائق نہیں ٹھہرایا گیا ۔اس کا جرم معصیت نہیں ۔اصرار علی المعصیت تھا۔ یعنی گناہوں پر اصرار ،اکڑ،اپنی غلط حرکت کی توجیہ ! جواز! دلائل!
اہل دانش اب باقائدہ تھیوریاں پیش کررہے ہیں کہ کرپشن ہوئی تو کیا ہوا، آخر کام بھی تو ہوا ہے۔ اہل قلم مسلسل کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوششوں میں ہیں جو افسر پکڑے جارہے ہیں ان کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ بہت مستعد تھے،ان کی کارکردگی    خوب تھی۔کرپشن کی تو کیا ہوا ،کون ساثبوت مل گیا۔
اب سینیٹ کے الیکشن کے بارے میں بھی یہی کہا جائے گا کہ جمہوریت مضبوط ہورہی ہے۔پھر نوٹوں سے بھری بوریوں کے مزید کارگو ٹرک راتوں کو دروازے کھٹکھٹا کر منز ل  مقصود پر پہنچا دئیے جائیں گے ۔ اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پُر ہوں گے۔
اب تک تو یہی سننے میں آیا   تھا کہ ایک کلو گرام دودھ میں ایک قطرہ پیشاب مل جائے تو وہ پینے کے قابل نہیں رہتا ۔غلیظ ہوجاتا ہے۔اب کرپشن کی طرف داری میں جو دانش بکھیری جارہی ہے ،اس میں ثابت کیا جارہا ہے کہ پیشاب کا قطرہ ہے تو کیا ہوا ۔آخر بالائی بھی تو ہےاور پھر دودھ تو دودھ ہے۔ یہاں ایک لطیفہ یاد آ گیا۔ پڑھنے والوں کے ساتھ شیئر کرنے میں کیا حرج ہے ۔عورت نے گائے دوہی ، دیگچی دودھ سے بھر گئی ،کسی کام کے لیے باہر نکلی تو گھر میں چھوٹے بچے کے سوا کوئی نہ تھا۔ اسے کہہ گئی کہ دودھ کا خیال رکھنا ،واپس آئی تو بچے نے رپورٹ دی کہ باقی سب خیریت گزری۔ بس یہ ہوا کہ ایک دو گھنٹ دودھ کے پالتو کتے نے پی لیے۔ ماں پریشان ہوگئی۔ سوچنے لگی اب اس دودھ کا کیا کیا جائے ! بچے نے تجویز پیش کی کہ کیا ہوا!آخر دو گھونٹ ہی پئے ہیں ۔ استعمال کرلیتے ہیں۔ ماں نے کہا نہیں! سارا دودھ ناپاک ہے۔ بچے نے پھر دماغ لڑایااور کہاکہ پھر ضائع کردیتے ہیں۔ نالی میں گرا دیتے ہیں ۔ یہ تجویز بھی ماں نے رد کردی کہ خدا کا نور ہے نالی میں کیسے بہا سکتے ہیں۔ بلآخر فیصلہ یہ ہوا کہ محلے کی مسجد کے مولوی صاحب کی خدمت  میں پیش کردیا جائے۔ بچہ لے گیا۔ مولوی صاحب نے غٹا غٹ پی لیا۔ پوچھا ،خیریت تو ہے ،کاکے! تیرے گھرسے تو کھٹی باسی  لسی  کبھی نہیں آئی ،آج دودھ اور وہ بھی اتنا سارا۔ کیا معاملہ ہے ۔بچے نے بلا کم و کاست سارا معاملہ گوش گزار کردیا۔ مولوی صاحب نے غصے میں آکر بوتل پھینک دی ،شیشے کی بوتل تھی ۔اینٹو ں والے فرش پر گری تو ریزہ ریزہ ہوگئی ، بچہ رونے لگ گیا۔ مولوی صاحب مزید طیش میں آگئے۔۔ “کم بخت!ایک تو کتے کا جوٹھا دودھ پلایا ۔الٹا اب ٹسوے بہا رہا ہے “ بچہ پورا منہ کھول کر اور زور سے بھاں بھاں کرنے لگا۔ روتے ہوئے اس نے کچھ کہا ۔مولوی صاحب جو کچھ سمجھے وہ یہ تھا کہ   آپ نے بوتل توڑدی ۔اب میرا ابا پیشاب کس میں کرے گا۔
لیکن اب اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ دودھ میں کتنے قطرے غلاظت کے ہیں، کتے کا جوٹھا ہے یا بلی کا اور کس بوتل میں یا برتن میں ڈالا گیا ہے۔ بس دودھ ہونا چاہیے ۔سڑکیں بن رہی ہیں ،رنگ رنگ کی ٹرینیں چل رہی ہیں ،کروڑوں اربوں کی کرپش ہورہی ہے تو کیا ہوا؟
سنگا پور کی مثال دی جائے تو ایک اعتراض اس پر یہ ہوتا ہے کہ وہ تو چھوٹا سا ملک ہے ۔ہمارے ایک ضلع جتنا۔ تو ،چلئے آپ کراچی کو ہی سنگا پور کی مثال بنا دیجئے۔ تاہم یہاں ہم قانون کی بات کررہے ہیں ،جو قوانین سنگا پور نے کرپشن سے جنگ کے بنائے ۔ہم ان کی پیروی تو کرسکتے ہیں۔1996 میں سنگا پور کا معمار لی کوان یو،وزارتِ اعظمٰی کے کئی عشرے گزارنےکے بعد سینئر وزیر کے طور پر کابینہ میں شامل تھا، اس کا بیٹا اس وقت ڈپٹی پرائم منسٹر تھا۔ خبر یہ مشہور ہوگئی کہ لی اور اس کے بیٹے نے جائیداد خریدی ہے اور اس پر ناجائز ڈسکاؤنٹ حاصل کیاہے۔ اس وقت گوہ چوک تانگ وزیراعظم تھا اس نے مکمل تفتیش کرائی۔ معلوم ہوا، ناجائز ڈسکاؤنٹ والی بات درست نہیں ۔ وزیراعظم سارا معاملہ پارلیمنٹ میں لے گیا۔پورے تین دن ،جی ہاں پورے تین دن پارلیمنٹ میں اس پر بحث ہوتی رہی،اس موقع پر لی نے پارلیمنٹ کو مخاطب کرتے کہا کہ : “مجھے فخر ہے اور اطمینان کہ میری اور میرے بیٹے دونوں کی خریداریوں کی مکمل تفتیش ہوئی ہے اور یہ معاملہ تفتیش سے مستثنیٰ نہیں کیا گیا۔ اہم ترین یہ ہے کہ سنگا پور ایسی جگہ ہے جہاں کسی کو بھی  استثنٰی نہیں حاصل۔ اور کوئی  حکمران ،جتنا بھی سینئر کیوں نہ ہو ،اس بات سے مستثنٰی نہیں کہ بااثر ہونے کی وجہ سے کرپشن نہ کرسکے”۔
مئی 2016 میں لندن میں ایک اینٹی کرپشن کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس میں سنگا پور کے بارے شرکا نے یہ جاننے کی خواہش کا اظہار کیا کہ آخر شفافیت کا راز کیا ہے۔ سنگا پور کے وزیراعظم نے اس موقع پر چار عوامل کا ذکر کیا۔

اول۔ برطانوی استعمار نے جو ورکنگ سسٹم چھوڑا تھا، کرپشن فری تھا ،سنگا پور نے اسے  جوں کا توں قائم رکھا۔ استعمار کی  ہر نشانی کو سنگا پور مٹا  دینا چاہتا تھا مگر اداروں کو نہ چھیڑا گیا۔ سول سروس اور عدلیہ دیانت دار تھی۔ اسے ایسے ہی رہنے دیا۔ سیاسی مفادات ،اقربا پروری اور دوست نوازی کی نذر نہ کیا۔
دوم۔ پیپلز ایکشن پارٹی کو (لی جس کا سربراہ تھا) حکومت ملی تو حلف اٹھاتے وقت لی اور اس کے ساتھیوں نے سفید قمیضیں اور سفید پتلونیں پہنی ہوئی تھیں ۔یہ سفید لباس اس عزم کی علامت تھا کہ کرپشن کو مٹانا ہوگا اور شفافیت لانا ہوگی۔ سول سروس کی تنخواہیں نجی شعبے کے برابر کردی گئیں مگر پھر کسی سول سرونٹ کی ذرہ بھر کرپشن کو برداشت نہ کیا گیا۔

سوم۔ اینٹی کرپشن قوانین کا نفاذ ایسی بے مثال سختی سے کیا گیا کہ کوئی بچ نہ سکا ۔” انسداد کرپشن ایکٹ “ 
CPA
میں یہ شق رکھی گئی کہ  کوئی  جائیداد ،آمدنی یا معیار زندگی  اگر قانونی اور معلوم آمدنی سے مناسبت نہیں رکھنا تو بار ثبوت ملزم کے سر ہے۔ اسے ہی ثابت کرنا ہوگا کہ اس نے سب کچھ جائز طریقے سے بنایا ہے ۔اس قانون کا نفاذ سنگا پور کے ہر شہری پر کیا جاتا ہے۔ جو ملک سے باہر ہے۔بیرون ملک اس کا ہر اقدام ،ہر کمائی ،ہر خریدو فروخت اسی طرح چھانی پرکھی  اور تولی جاتی ہے جیسے اندرون ملک رہنے والوں کی۔ سنگا پور کا نیب یعنی تفتیشی ایجنسی کسی بھی وزیر ،کسی بھی ممبر پارلیمنٹ یہاں تک کہ وزیراعظم کی بھی تفتیش کر کے اسے  کٹہرے میں کھڑا کرسکتی ہے۔

چہارم۔ سماجی سطح پر بڑا کام یہ کیا گیا کہ سنگا پور کے شہری کرپشن کو کسی طور برداشت نہیں کرتے۔ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ کرپشن ہوئی تو کیا ہوا ،کام بھی تو ہوا۔ کسی شہری کو کرپشن کی کہیں بھنک بھی پڑ جائے تو فوراً حرکت میں آتا ہے اور متعلقہ محکموں کو رپورٹ کرکے منطقی نتیجہ نکلنے تک معاملے کو دانتوں سے پکڑے رکھتا ہے ۔یہاں یہ سوال نہیں پیدا ہوتا کہ کسی کی بے عزتی نہ ہو۔ سنگا پور میں ایک روایت مشہور ہے کہ ایک  دوسرے ایشیائی ملک سے ایک بزنس مین آیا۔ پوری کوشش کے باوجود اسے یہ نہ معلوم ہوسکا کہ رشوت کا نرخ کیا ہے۔ اس نے غلط نتیجہ نکالا کہ شاید نرخ بہت زیادہ بلندہے۔ حالانکہ کسی شعبے، کسی محکمے کسی ادارے میں رشوت لینے کا تصور تک نہ تھا۔
مگر کرپشن انسان کی جبلت میں ہے۔کچھ عرصہ پہلے سنگا پور میں ایک سرکاری افسر کو سترہ لاکھ ڈالر غبن کرنے کے الزام میں پکڑا گیا۔ کرپشن کی کوشش وہاں ضرور ہوگی جہاں انسان بستے ہیں۔اصل کارنامہ یہ ہے کہ کرپشن  کی کسی بھی مقدار کو معاف نہ کیا جائے۔
لعنت ہے اس نام نہاد ترقی پر جو کرپشن کے ذریعے وجود میں آئے ۔ناجائز بچہ ،کتنا ہی خوبصورت کیوں نہ ہو ،ناجائز ہی رہے گا۔


Tuesday, March 06, 2018

ٰٰعمران خان بذریعہ جان فرانسس --۲--


جان فرانسس سے ایک دن باتوں باتوں میں ذکر کیا کہ “دی ایج” (آسٹریلیا کے معروف روزنامہ) کو مضمون بھیجا ہے ۔ابھی تک چھپنے یا نہ چھپنے کی اطلاع نہیں آئی۔ جان مسکرایا ۔کہنے لگا ‘یہاں ایسا نہیں ہوتا۔ایک تو یہ ہے کہ کوئی صحافی تمہارے  بارے میں تعارفی نوٹ اخبار کو بھیجے ۔دوسرے یہ کہ وہ خود تمہیں کوئی موضوع دے کر کہیں یعنی Requisition
 کریں ۔چنانچہ جان نے جسے ہم نے محض باغبان سمجھا تھا ۔دی ایج کو میرے بارے میں تعارفی نوٹ بھیجا۔ان دنوں پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا ہوا تھا۔ چند دنوں بعد “دی ایج" کی طرف سے فرمائش کی گئی کہ سیلاب کے بارے میں تفصیلی مضمون لکھ کر بھیجا جائے، چنانچہ دی ایج میں میرا پہلا مضمون
After the Deluge:Disaster Begets Dissent Begets Disaster
چودہ اگست 2010 کو شائع ہوا۔ اس کے بعد “یوریکا سٹریٹ” میں بھی چھپنے لگے۔
جب بھی کچھ دن گزرتے ‘جان کا فون آتا کہ شام کو برگنڈی سٹریٹ جاکر کافی پیتے ہیں۔ بھابھی بریسی جب بھی چلی سے ہو کر آتیں ‘کوئی نہ کوئی سوغات ہمارے لیے ضرور لاتیں ۔ایک دن جان کا فون آیا کہ میلبورن کے ثقافتی مرکز میں شام کو فاطمہ بھٹو نے گفتگو کرنی ہے۔ وہاں ضرور جانا ہے۔چنانچہ ہم نے وہاں جاکر فاطمہ بھٹو کو سنا۔ جان کے اکسانے پر میں نے ایک دو سوال پوچھے’ کچھ لوگوں نے وہاں سے فاطمہ بھٹو کی کتاب بھی خریدی۔ اگر یادداشت غلطی نہیں کررہی تو یہ فاطمہ بھٹو کا ناول “دی شیڈو آف دی کریسنٹ مون”تھا۔ فاطمہ نے ناول کے متعدد نسخے دستخط کرکے وہاں رکھوادیے تھے۔
جب بھی آسٹریلیا جانا ہوتا ہے’جان اور بریسی ضرور دعوت کرتے ہیں ۔ جو بھی وہاں کا کلچر اور رسم و رواج ہے اس کے مطابق خوب خاطر تواضح ہوتی ہے۔ خصوصی طور پر حلال گوشت کا اہتمام کرتے ہیں ۔ ہماری  موجودگی میں پانی اور سافٹ ڈرنک  کے علاوہ کوئی اور مشروب کبھی نظر نہیں آیا۔ سال میں ایک آدھ بار جب ان کے ہاں باربی کیو کی بڑی ضیافت ہوتی ہے تو ہم اور ہمارے بچے ضرور مدعو ہوتے ہیں ۔ بریسی چونکہ جنوبی امریکہ سے ہے  اور ہسپانوی ہے’اس  لیے اس میں ، اس کی بیٹیوں اور بیٹیوں کی اولاد میں ایک قسم کی مشرقیت پائی جاتی ہے۔ ان کا خاندان تارو پود  یورپ اور شمالی امریکہ کی طرح ابھی بکھرا نہیں جب کہ 
آسٹریلوی الاصل جان کے بچوں  کا کلچر سیٹ اپ ذرا مختلف 
ہے
یہ سب اور گزشتہ کالم دراصل تمہید ہے اس بات کی کہ طالبان اور مذہبی انتہا پسندی کے موضوع پر جان اور میں طویل بحث و گفتگو کرتے رہے ہیں ۔وہ امریکی استعمار کے خلاف ہے اور اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ امریکہ اپنے مفاد کے لیے قتل و غارت ،جنگ و جدل اور مہلک جاسوسی سرگرمیوں  کو ہمیشہ بروئے کار لاتا ہے۔ تاہم وہ یہ سمجھنے سے قاصر رہا ہے کہ طالبان  ‘خوہ   افغان طالبان یا پاکستانی طالبان ‘اپنے ہی لوگوں کو غارت گری کا نشانہ کیوں بناتے ہیں ۔ میں اسے ہمیشہ قائل کرنے کی کوشش کرتا ہوں کہ پاکستان میں بالخصوص ‘اور بقیہ عالم اسلام میں بالعموم ‘مسلمانوں کی اکثریت طالبان کے نکتہ نظر کی حامی نہیں ! جان ایک صحافی ہونے کے ناطے ‘سلفیت ‘تکفیر ‘دیو بندی ‘بریلوی’شیعہ اور اس قسم کی دیگر اصطلاحات سے بخوبی واقف ہے۔اس کے اس سوال کا مجھ سے کوئی جواب نہیں بن پایا کہ مسلمانوں کے ہاں تعلیمی نظام میں اتنی شدید دو عملی کیوں ہے؟ اور مدارس اور یونیورسٹیوں کے تعلیمی نظام اور پیداوار کے درمیان بعد المشرقین کیوں ہے؟۔
اب کےتین ماہ آسٹریلیا میں رہنا ہوا مگر ہم میلبورن میں کم اور  جیلانگ میں زیادہ رہے۔ بچوں کے خانگی امور، پوتے کی پیدائش اور اپنی بیگم کی صحت کے مسائل کے پیش نظر اس قدر مصروف رہے کہ پہلی بار اپنے قیام کے دوران جان اوربریسی  کو مل سکے نہ ہی اپنی آمدو رفت سے آگا ہ کرسکے۔وقفہ طویل ہوجائے تو جان میل ضرور کرتا ہے۔گزشتہ ماہ سترہ فروری کو جان کی ای میل موصول ہوئی۔ گھر کے حالات اور خیریت  کی اطلاع دینے کے بعد  جان نے توجہ ایک خبر کی طرف مبذول کرائی جو روزنامہ دی ٹیلی گراف لندن نے چار فروری کو شائع کی۔ خبر کا متن اس لنک پر دیکھا جاسکتا ہے

Https://www.telegraph.co.uk/news/20180204/imran.khan.defends.talban.against.western.liberals.third.blood/

خبر کا ترجمہ ہوں ہے۔
عمرا ن خان خون کے پیاسے مغربی” لبرلز” کے مقابلے میں طالبان کا دفاع کرتے ہیں.
عمران خان’سابقہ پلے بوائے کرکٹر اور متوقع وزیراعظم پاکستان’ نے طالبان کا نیٹو کے مقابے میں دفاع کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ (نیٹو) مغرب کے لبرلز کی نمائندگی کرتے ہیں جو خون کے پیاسے ہیں ۔
“سنڈے ٹائمز “ سے گفتگو کرتے ہوئے آکسفورڈ کے پڑھے ہوئے کھلاڑی نے ‘جس نے پاکستان میں اپنی الگ سیاسی جماعت بنائی ہے ۔انتہا پسندوں کے خلاف نیٹو  کی جن پر  شدید تنقید کی ۔”انہیں بالکل کچھ معلوم نہیں ! یہ ڈرائنگ روم میں بیٹھے ہیں،یہ انگریزی اخبارات پڑھتے ہیں جو اصل میں پاکستان سے بہت کم مشابہت رکھتے ہیں ۔ میں تم سے وعدہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے دیہات میں گم ہوجائیں گے۔ “اس نے مغربی ملکوں  کے خلاف شدید اظہار ناپسندیدگی کیا ۔مثلاً امریکہ جس پر اس نے الزام لگایاکہ وہ اس ملک کے لیے قصاب بنا ہوا ہے۔ پاکستان میں امریکی ڈرون حملے لازماً بند ہونے چاہیئں ،چھیاسٹھ سالہ عمران نے کہا!
“یہ قصاب پن ہے اور اس کی اصل ہولناکی مغرب پر عیاں نہیں “
خان پاکستان کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ‘تحریک انصاف کا رہنما ہے اور امید کرتا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد مغربی اتحاد سے پاکستان کو دور رکھے گا۔
عمران خان کے یہ ریمارک عین اس وقت سامنے آئے ہیں جب طالبان نے وادی ء سوات میں خود کش حملے کا اعترف کیا ہے جس میں گیارہ فوجی جوان مارے گئے ہیں اور تیرہ زخمی ہوئے ہیں ۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے درمیان شمال مغربی علاقے میں یہ پہلا حملہ ہوا ہے۔
ایک وقت تھا جب یہاں عسکریت پسند حکومت کررہے تھے۔ انتہا پسند گروہ نے میڈیا کو بیان جاری کیا ہے کہ خود کش بمبار نے یہ حملہ ‘اپنے ساتھی عسکریت پسندوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کے انتقام میں کیا ہے۔ بمبار نے خود کش جیکٹ ایک ایسی جگہ اڑائی جہاں فوجی جوان والی بال کھیل رہے تھے۔اسلامی عسکریت پسند خوبصورت مناظر والی وادیء سوات پر 2007 سے حکومت کررہے تھے ۔2009 میں ایک بڑے فوجی آپریشن نے ان کا قلعہ قمع کردیا ۔پاکستان کا موقف یہ ہے کہ سوات اور دوسرے مقامات سے جو عسکریت پسند بچ نکلے ،اب پڑوسی افغانستان کے صوبے کنہار سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
خان نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ وہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔ “اللہ تعالی ان بہادر مردوں کے خاندانوں کو نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے”۔
ماضی میں عمران خان نے پاکستانی شہروں میں طالبان کے  دفاتر کھولنے کی حمایت کی ہے”
جان کو خط کا جواب دیا اس کا مفہوم و ترجمہ قارئین سے شئیر کیا جاتا ہے۔

ڈئیر جان!
رابطہ کرنے میں تم ہمیشہ نمبر لے جاتے ہو۔اردو کے مشہور شاعر غالب نے کہا تھا
گو میں رہا رہین ستم ہائے روز گار
لیکن تیرے خیال سے غافل نہیں رہا !
  بس یہی صورت حال میری ہے۔ یہ جو تم نے  بڑے مکان کو چھوڑ کر بلندی پر اپارٹمنٹ لیا ہے تو کیا ہی خوبصورت فیصلہ کیا ہے۔ ہاں ! میں یہ سوچ رہا ہوں کہ تمہارے اور بریسی کے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے لیے اپارٹمنٹ گھٹن کا باعث نہ بنے۔ تم اپنے پائیں پاغ کو ضرور مس کرو گے۔
عمران خان کے بیان کو مرکزی نکتہ قرار دے کردی گارڈین نے جو  خبر شائع کی ہے وہ تم نے مجھے بھیجی ہے۔بھیجتے وقت تمہارے ذہن میں جو سوالات اٹھ رہے تھے ،میں بخوبی ان کا اندازہ کرسکتا ہوں ۔ مجھے وہ طویل گفتگوئیں یاد آرہی ہیں جو ہم نے جنوبی ایشیا کے سیاسی مذہبی اور اقتصادی پہلوؤں پر کیں ۔
دی گارڈین نے اس خبر میں عمران خان کی اس گفتگو کا حوالہ دیا ہے جو اس نے سنڈے ٹائمز کے ساتھ کی۔ عمران خان نے درست کہا ہے کہ امریکہ کے ڈون حملے پاکستان میں بند ہونے چاہئیں ۔یہ بھی بجا کہا کہ انگریزی (مغربی) اخبارات اصل پاکستان کی تصویر کشی نہیں کرتے۔ اس میں کیا شک ہے کہ ڈرون خون کے پیاسے ہیں ۔
مگر جان! افسوس کی بات یہ ہے کہ عمران خان نے آدھا سچ کہا ہے۔ وہ پورا سچ کہنے سے ہمیشہ کتراتا ہے ۔خاص طور پر ا س نے طالبان کی کبھی کھل کر مذمت نہیں کی۔ حالانکہ وہ بھی خون کے اتنے ہی پیاسے ہیں جتنے امریکی ڈرون!سوات تقریباً تین سال تک طالبان کے ظلم و ستم کا شکار رہا۔ مولوی فضل اللہ کے دست راست نے ٹیلی ویژن پر ایک معروف طالبان نواز   کالم نگار کی موجودگی میں اعتراف کیا کہ انسانوں کو بکروں کی طرح ذبح کیا جارہا ہے۔ اس گروہ نے قبر سے مردوں کو نکالا اور چوراہوں پر لٹکایا۔ مگر عمران خان نے کبھی ان کی مذمت کی نہ انہیں للکارا ، لیکن جب پاکستان آرمی نے اس وحشت و بربریت کا خاتمہ کرنے کے لیے ایکشن لیا  تو عمران خان نے پوری قوم کی مخالفت کرتے ہوئے اس ایکشن کے خلاف سٹینڈ لیا۔ پھر وہ یہ بھی کہتا ہے کہ وزیرستان میں فوج کیوں گئی۔ اس کے پاس اس سوال کا جواب نہیں کہ اگر پاکستانی فوج پشاور، لاہور،کوئٹہ،ملتان، کراچی ،بہاولپور ،مری میں موجود رہ سکتی ہے تو وزیرستان میں کیوں نہیں رہ سکتی۔ سنڈے ٹائمز سے جب عمران خان نے گفتگو کی ہے تو اس سے صرف ایک دن پہلے طالبان نے گیارہ پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا ہے مگر تم نوٹ کرو کہ وہ طالبان کی مذمت نہیں کرتا ۔ صرف یہ دعا کرتا ہے کہ مقتولین کے خاندان اس صدمے کو برداشت کرلیں ۔ اگر وہ طالبان نوا نہ ہوتا تو ا س گروہ کو خون کا پیاسا کہتا ۔ طالبان نے مذاکرات کے وقت عمران خان کو اپنا نمائندہ قرار دے کر اس کی اصلیت کو مزید آشکارا کردیا تھا۔ پھر خیبر پختون خوا کے سینکڑوں مدارس کو چھوڑ کر ،کچھ عرصہ پہلے عمران خان نے سرکاری خزانے سے تیس کروڑ کی خطیر رقم صرف اس مدرسے کو دی جو طالبان کی نرسری رہا ہے۔ گڑھ ہے اور جس کے سربراہ کو دنیا بابائے طالبان کے نام سے جانتی ہے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس زر کثیر کا مقصد”مدارس “ کو مین سٹریم پر لانے کا مطلب ہی اسے نہیں معلوم! تیس کروڑ روپے لینے والےاس مدرسے میں قائداعظم کا نام کوئی نہیں لے سکتا! سینٹ کے حالیہ الیکشن میں بھی اس نے ایک ایسے مذہبی رہنما کی حمایت کی جو طالبان نواز ہے! عمران خان کا یہ پہلو اتنا عبرت ناک اور قابل رحم ہے کہ اس کے حامی کبھی بھی ا  س کا دفاع نہیں کرسکتے۔
خط طویل ہوجائے گا اگر عمران خان کے تضادات کا مفصل ذکر کیا جائے۔مختصراً یہ کہ جس کرپشن کے خلاف وہ جہاد کررہا ہے اسی کرپشن کے بڑے بڑے ستونوں کو وہ پارٹی میں لے آیا ہے۔ یوں لگتا ہے اس نے سٹیسٹس کو کی علامتیں باقائدہ تلاش کیں اور پارٹی میں داخل کیں ۔سیالکوٹ ہویا اٹک یا ہزارہ ،اس نے در حقیقت اپنے حامیوں کو مایوس کیا ہے۔اب اسے سادگی کہیے یا “لاعملی”(یہاں لفظ ایک اور مناسب ہے مگر مصلحتاً وہ نہیں استعمال کرتا) کہ اسےخود تو یہی نہیں  معلوم کہ مثنوی رومی کے دفتر کتنے ہیں اور فصوص الحکم میں کیا لکھا ہے مگر وہ یہ دعویٰ کرتا ہے کہ فلاں ‘رومی اور ابنِ عربی کا عالم یا عالمہ ہے! ذہنی ناپختگی کا یہ عالم ہے کہ اپنی ہر شادی کو اس نے تماشا بنا دیا۔ طلاق کا معاملہ گھر کی چار دیواری میں رکھنے کے بجائے الیکڑانک میڈیا پر سجا دیا  اور یوں اپنے آپ کو نکو بنایا۔
کروڑوں پاکستانیوں نے عمران خان کو اپنی امیدوں کا سہارا بنایا مگر بہت بڑی ٹریجڈی یہ ہوئی کہ عمرا ن خان کی دوٹانگیں ‘دو گہرے اندھے کنوؤں میں لٹکی ہوئی ہیں ۔ ایک ،وہ تیزی سے سٹیسٹس کو کے علم برداروں اور کرپشن کی علامتوں کو اپنی پارٹی میں بھر رہا ہے ۔وہ ‘ہزاروں معصوم پاکستانیوں کو ہلاک کرنے والے عسکریت پسندوں کی کھل کر مذمت کرنے کو تیار نہیں ‘الٹا ان کے مربیوں پر نوازشات کررہا ہے۔
بریسی کو ہم دو نوں  میاں  بیوی کی طرف سے بہت سلام ۔
تمہارا اظہار!


Sunday, March 04, 2018

عمران خان بذریعہ جان فرانسس


جان فرانسس سے پہلی ملاقات ایک خوشگوار حادثہ تھی
یہ 2010 کی بات ہے۔ ہم میا ں بیوی میلبورن میں تھے۔ صاحبزادے نے اپارٹمنٹ چھوڑ کر صحن والا گھر لے لیا۔ اس لیے کہ اسے معلوم تھا باپ صحن کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ جون جولائی کی کڑکتی ظہر بھی کمرے میں پنکھے کے نیچے نہیں ‘شیشم یا کیکر کے نیچے پڑھنا پسند کرتا ہوں ۔اور جاڑوں میں تو جب تک سورج کی آخری کرن رہتی ہے دھوپ کے ساتھ چمٹا رہتا ہوں۔
صحن کیا تھا ‘گھر کے عقبی حصے میں بڑا لان تھا اور سامنے والے حصے میں بھی۔بیگم نے لان کا چارج فوراً لے لیا اس لیے کہ گھاس پودوں پھولوں اور سبزیوں کی پرورش کا شوق اس راجپوت خاتون کے اندر یوں سمایا ہوا ہے کہ کوئی اور شوق ‘شغل, ہمسری نہیں کرسکتا۔
نرسری دیکھ کر قدم اس کی طرف یوں بے اختیار بڑھتے ہیں جیسے میاں کے بک شاپ کی طرف ! علم اس حوالے سے اس قدر ہے کہ پودا دیسی ہو یا فرنگی ۔اس کی تاریخ اس کی پیدائش اور پرورش کا ماحول ‘اس کے بڑھنے یا نہ بڑھنے کے اسباب’ سب معلوم ہیں سرکاری رہائش گاہوں کے ارد گرد ‘چاروں طرف صحن ہوتے تھے ۔سبزیاں شاید ہی بازار سے آئی ہوں ۔ ایک دفعہ چھت پر جانا ہوا تو منوں کے حساب سے پیاز ‘بکھرا پڑا تھا ،پوچھا کہاں سے آیا بتایا کہ خود اگایا ہے ۔
یہاں جہالت کا یہ عالم ہے کہ آتے جاتے کبھی غور نہ کیا ۔انگوروں کی فصل اترتی تو اقارب کے علاوہ محلے میں بھی بٹتی۔ سٹرابیری تک گھر میں اگائی۔ انجیر،مالٹے ،لیموں امرود تو خیر گھر کے ہوتے ہی ہیں۔ جس ملک سے بھی واپس آئیں سامان میں وہاں کے پودے بھی شامل ہوتے!
میلبورن والے گھر کے لان کا انتظام عفیفہ نے سنبھال لیا ۔وہاں باغبان کہاں ! ہر شخص خود ہی گھر کا باغبان ہے،خود ہی باورچی ہے، خود ہی خاکروب ہے اور خود ہی ڈرائیور بھی ہے! بلکہ مستری اور الیکٹریشن بھی خود ہی ہے۔ اس لیے کہ الیکٹریشن دس بیس منٹ کے ایک سو ڈالر لے لیتا ہے۔ کموڈ ٹوٹے تو نیا کموڈ تو تھوڑے پیسوں میں آئے گا مگر لگانے والا سینکڑوں ڈالر چارج کرے گا۔ اسی لیے اکثر لوگ وہاں گھر کے مالک ہونے کے ساتھ
 Handy man
بھی ہوتے ہیں ۔
کیاریاں  بنائیں ‘مٹی ہموارکی’کھاد منگوا کر ڈالی ۔پھولوں والے پودے لگائے۔ سبزیوں کے بیج بوئے، گھاس کی نوک پلک سنواری! پانی دیا ،روشوں کے ارد گرد اینٹوں کی حفاظتی دیوار بنائی، مگر کہاں تک خود کرتیں !لان درختوں سے اٹا تھا ۔بے ہنگم ٹہنیاں بے مہاراونٹ کی طرح ہر طرف جارہی تھیں۔ یہ ان کے بس کا کام نہ تھا۔ اس میں کلہاڑی کا عمل دخل تھا۔ چنانچہ صاحبزادے کو کہہ کر ایک دن کے لیے باغبان کی خدمات حاصل کیں ۔ سفید فام آسٹریلوی باغبان آیا، سارا دن لگا رہا۔ کلہاڑی سے شاخیں کاٹیں،درختوں کو آراستہ کیا، خاتون کا علم اس باب میں باغبان سے زیادہ اور ذوق زیادہ گہرا۔ دو یا تین سو ڈالر ادا کرتے ہوئے عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔
اب یہاں ہمارا اور ا ن سفید چمڑی والوں کا فرق واضح ہوتا ہے! مقطع میں سخن گسترانہ بات آپڑتی ہے۔ گاہک کا اور کسٹمر کا اور کلائنٹ کا عدم اطمینان ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا ۔ تاجر سے مال کی شکایت کریں گے تو بہت تیر مارے گا  تو مسکرا کر بات سن لے گا۔ اکثریت اتنا بھی نہیں کرتی! سکول جاکر بچوں کے استاد یا استانی سے پوری داستان کہہ ڈالیں گے۔ردِ عمل میں کچھ بھی نہیں دکھائی دے گا۔ ترقی یافتہ ملکوں کی جان ہی اس طوطے میں ہے۔ معذرت کہ یہ کمال صرف سفید چمڑی والوں کا نہیں ‘ سنگاپور ‘ہانگ کانگ اور جاپان کے زرد فام بھی ا س ضمن میں کمال کو پہنچے ہوئے ہیں ۔ جاپان میں ایک بار ایک ٹرین تین منٹ تاخیر سے پہنچی تو معتبر روایت ہے کہ ایک ایک مسافر سے انتظامیہ نے فرداً فرداً معافی مانگی! ایسے کئی واقعات کی چشم دید گواہی کالم نگار کے پاس ہے سڈنی سے وزیٹنگ کارڈ چھپوائے ۔قیمت ادا کردی ۔صرف اتنا شکوہ کیا ‘وہ بھی مدھم لہجے میں کہ طباعت پسند نہیں آئی ۔رنگ شارپ نہیں ہیں ۔ تین دن بعد پوری قیمت واپس آگئی ،ساتھ ڈھیروں معذرت کہ آپ کو اطمینان نہیں ہوا۔سخت افسوس ‘اور ندمت ہے۔اگلی بار آپ کا کام آپ کے ذوق اور اطمینان سے ہم آہنگ ہوگا۔ اس بار کام آپ کو پسند نہیں اس لیے اس کے دام لینا مناسب نہیں ۔
تیرہ چودہ برس پہلے صاحبزادے لندن سے مارک اینڈ سپنسر کا کوٹ لے آئے۔ پہنا تو گھٹنوں سے بھی نیچے آرہا تھا۔بالکل کسی کی والدہ لگنے لگا۔ ڈانٹا کہ بغیر ما پ کے اندازے سے’جناب لے آئے۔ سو ڈیڑھ سو (یا جتنے بھی تھے) پاؤنڈ بیکار گئے۔ اسرار صاحب ہنسے ‘ابو! جب لندن آئیں گے تو تبدیل کرالیں گے۔ بتایا کہ لندن جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔اسرار خاموش ہوگئے۔ بزرگوں کی دعا ہے’ اپنا کوئی کمال نہیں ‘بچے جو باپ سے زیادہ پڑھے لکھے ہیں ۔بحث نہیں کرتے ‘غیر منطقی بات سن کر بھی خاموش ہو جاتے ہیں ۔ بات آئی گئی ہوگئی۔ کوٹ الماری میں رکھ دیا دو سال گزر گئے ۔ان دنوں مزدوری وزارت خزانہ کے عسکری حصے میں لگی ہوئی تھی۔ورلڈ بنک کے ساتھ میٹنگ کے ضمن میں واشنگٹن جانا ہوا۔ واپسی پر کچھ تعطیل لی اور انگلستان میں ٹھہرا۔ اسرار ان دنوں ایک قصبے گلوسٹر میں ملازمت کررہے تھے۔ کیا نظم و ضبط ہے۔ ۔بتایا کہ وہ ائیر پورٹ نہیں آسکیں گے اس لیے کہ ڈیوٹی پر ہیں اور چھٹی نہیں مل سکتی۔ ہاں کام سے فارغ ہو کر پہنچ جائیں گے۔ یہاں تو چھوٹا ملاز م ہے یا بڑا ‘باپ تو باپ ہے’دور کا رشتہ دار بھی آ رہا ہو تو دفتر سے سکول سے ہسپتال سے الغرض ڈیوٹی سے غیر حاضر ! آسمان گرتا ہے نہ زمین پھٹتی ہے۔تنخواہ پوری وصول کی جاتی ہے اور پھر یہ اصرار ہوتا ہے کہ آمدنی حلال ہے۔
سفارت خانے نے ائیر پورٹ سے لیا ۔سہ پہر کو اچھی طرح یاد ہے بنگالی لنگی( پنجابی دھوتی) میں ملبوس ظہر کی قصر ادا کررہا تھا کہ اسرار آئے! چند گھنٹوں کی ڈرائیو کے بعد گلوسٹر پہنچ گئے۔ اب وہاں روٹین یہ تھی کہ صاحبزادے تو صبح صبح کام پر چلے جاتے باپ آوارہ گردی کرتا ،کتابوں کی دکانیں چھانتا ۔گلوسٹر کے عین وسط میں مسجد ہے۔ڈھلتی ظہر کو وہاں پہنچتا۔وہاں گوا(بھارت) کے عبدالقادر کھوت صاحب سے ملاقات اور واقفیت ہوئی۔ یہ الگ داستان ہے(خود نوشت کا انتظار کیجیے) ایک دن آوارگی کے درمیان مارک اینڈ سپنسر کا بورڈ نظر آیا اندر چلا گیا۔ کاؤنٹر پر جو صاحب بیٹھے تھے انہیں بتایا کہ دو تین سال پہلے کوٹ خریدا تھا جو ماپ کے بالکل الٹ نکلا ،مسکرا کر کہا کل لے آئیے اور بدل لیجیے! احتیاطاً بتایا کہ ایک تو رسید نہیں ہے خریدا لندن کے سٹو رسے تھا۔دوسرے ‘ٹیگ اتر چکے ہیں ۔اس خدا کے بندے نے صرف ایک بات پوچھی “پہنتے تو نہیں رہے”؟ جواب دیا نہیں ! پہنتے کیسے؟ پورا ہی نہیں تھا !کہا ،کل لے آئیے اور ہاں اس کا متبادل ابھی دیکھ لیجیے۔ ایسا نہ ہو کل مال کم ہو! ایک کوٹ پسند آیا ۔اس نے الگ رکھ دیا۔ دوسرے دن کوٹ لاکر دیا اس پروردگار کی قسم جس نے قوموں کو اچھی اور بری قوموں میں تقسیم کیا ہے اور حکومتوں کو عادل اور ظالم حکومتوں میں بانٹا ہے ‘اس نے کوٹ کو ہاتھ میں لیا ‘دیکھے بغیر ‘اچھال کر ایک طرف پھینک دیا اور دوسرا جو کل الگ رکھوایا تھا ‘نکال کر حوالے کیا۔ ساتھ رسید بھی دی جسے واپس آتے وقت ائیر پورٹ پر دکھا کر ٹیکس کی رقم واپس وصول کی! ہائے افسوس ! نہ ہوا ہمارا تاجر ! کوٹ کو پھیلا کر غو ر سے دیکھتا ‘پھر اس کا رخ بجلی کے بلب کی طرف کرکے دوبارہ دیکھتا ‘ کوئی نہ کوئی موری (سوراخ) ڈھونڈتا اور منہ پر مارتا۔ آج بھی نہیں بھول سکتا ‘بہو نے دارالحکومت کی سب سے بڑی شان و شوکت والی ‘مارکیٹ سے میاں کے لیے جوتے خریدے ۔چھوٹے نکلے ،دوسرے دن تبدیل کرانے گئیں ۔رسید دکھائی صرف چوبیس گھنٹے گزرے تھے،تاجر نے بدلنے سے انکار کردیا۔
جان فرانسسس یہ بات ہضم کر ہی نہیں سکتا تھا کہ خاتون اس کے کام سے مطمئن نہیں ہوئیں۔ اس نے اسرار کو اسی شام ای میل کی اور صفائی پیش کی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی طرف سے مقدور بھر کوشش کی کہ کام صحیح ہو آپ کی والدہ خوش نہیں ہوئیں ۔ اس پر وہ بہت رنجیدہ اور متاسف ہے۔اور یہ کہ وہ آکر ذاتی طور پر معذرت کرنا چاہتا ہے۔
ہم اس سے زیادہ شرمندہ ہورہے تھے۔ دوسرے دن گھر چائے پر بلا لیا۔ اس کی لاطینی امریکہ (چلی) سے تعلق رکھنے والی بیگم ‘بریسی ا’اس کے ساتھ تھیں ۔ یہاں تو قصہ ہی کچھ اور نکلا،جان فرانسس پیشے کے لحاظ سے صحافی تھا۔ چوبیس برس نیوزی لینڈ رہا جہاں ایک معروف ہفت روزے کا ایڈیٹر رہا۔ پھر آسٹریلیا واپس آگیا جہاں کا وہ تھا! میلبورن میں اب وہ صحافت میں فری لانسنگ کررہا تھا ڈاکو منٹریز بنا رہا تھا۔ کیمرے کا اور پروڈکشن کا بادشاہ تھا۔ چند ہفتوں کے لیے گھروں میں باغبانی اس لیے کررہا تھا کہ میاں بیوی نے ورلڈ ٹور پر نکلنا تھا۔ جاپان وہاں سے لاطینی امریکہ’ پھر شمالی امریکہ یعنی یو ایس اے اور کینیڈا ‘پھر یورپ سے ہوتے ہوئے واپس آسٹریلیا آنا تھا۔ رقم زیادہ درکار تھی ۔جان نے باغبانی کا رخ کیا۔ ان ملکوں میں ہاتھ سے کام کرنے والے زیادہ کماتے ہیں ۔ایک دن میں دو یا تین گھروں کے لان درست کرنے اور درخت کاٹنے کا مطلب پانچ چھ سو ڈالر تھا۔ اس اثنا میں بریسی دفتر میں اوور ٹائم لگا رہی تھیں ! جان جب یہ سب بتا رہا تھا تو تیس سال پہلے کی ایک صبح یادآرہی تھی! روم کے وائی ایم سی اے ہوسٹل میں کالم نگار نے ایک کمرہ لیااور رات گزاری کہ اگلے دن نیپلز(ناپولی) روانہ ہونا تھا۔ صبح صبح دروازے پر دستک ہوئی ایک نوجوان وائپر لیے ہوئے کھڑا تھا۔ فرش کی صفائی کرنا تھی۔ باتیں ہوئیں تو اس نے بتایا کہ وہ یونیورسٹی میں لیکچرر ہے۔تعطیلات میں کچھ رقم کمانی ہے۔ صفائی کرنے کے کام میں اجرت خوب ہے ۔ہم نے تو یہ ہر جگہ لکھ دیا کہ الکاسب  حبیب اللہ ! مگر حالت یہ ہے کہ جو تھرڈ ڈویژن میں بھی بی اے کرلیتا ہے اپنا سامان خود اٹھانے سے احتراز کرنے لگتا ہے۔ وزیروں سفیروں مشیروں سیکرٹریوں اور ان چھوٹے افسروں کے بریف کیس پکڑنے کے لیے نائب قاصد صبح سے دفتروں کے باہر کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ واہ ! واہ ! الکاسب حبیب اللہ!!
جان فرانسس سے دوستی کا یہ آغاز تھا حسنِ اتفاق یہ کہ اس کا گھر،ہمارے گھر سے دس منٹ کے پیدل فاصلے پر عقبی شاہراہ کے کنارے پر تھا۔ چند دن بعد اس نے ہماری دعوت کی! وسیع و عریض فراخ گھر، کھانے کی میز دیکھ کر اوسان خطا ہوگئے ۔بتایا کہ اٹلی سپیشل آرڈر پر بنوائی اور منگوائی ! بریسی سے اس کی دوسری شادی تھی اور بریسی کی بھی یہ دوسری شادی تھی۔ پہلی شادیوں سے دونوں کے بچے جوان اور شادی شدہ تھے۔ کبھی جان کے پوتے اور نواسے آتے ،کبھی بریسی کے اور دادا دادی یا نانی نانا کے گھر ٹھہرتے۔ یہاں سوتیلے یا سگے کا کوئی سوال نہ تھا۔ جان کے پوتے بریسی کے پاس سوتے اور بریسی کے نواسے جان کے گلےسے لپٹے ہوتے۔ جان میرا ہم عمر تھا ۔جس دن ہم چونسٹھ کے ہوئے، جان اور بریسی ہمارے ہاں آئے کیک اٹھا لائے ۔اس دن جان نے کھڑے ہوکر گیت گایا اور مجھے بھی ساتھ کھڑا کرلیا۔
NOW that we are sixty four
Will they need us?
Will they feed us?
(اب ہم چونسٹھ کے ہوگئے ہیں کیا یہ لوگ ہماری ضروت محسوس کریں گے َکیا یہ ہمارے کھانے پینے کا اہتمام کریں گے؟ )
یاد آیا والد گرامی مرحوم آخری چند برسو ں میں کبھی کبھی فرمایا کرتے تھے تر زقون و تنصرون لضعفا ء کم تمہیں اس لیے رزق دیا جارہا ہے اور اس لیے تمہاری مدد کی جارہی ہے کہ تم اپنے ضعیفوں اور بزرگوں کا خیال رکھتے ہو۔ جانے یہ حدیث نبوی ہے کہ کسی ولی کا قول ! مگر جان کے انگریزی گیت میں کتنی بے یقنی ہے اور اس قول مبارکہ میں کتنی نرمی اور راحت! ایک میں ضعیفوں پر احسان ہے ۔۔دوسرے میں ضعیفوں کا احسان ان پر ہے جو ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں !
جان کی داستان عمران تک کس طرح پہنچتی ہے،اگلی نشست کا انتظار فرمائیے!


Friday, March 02, 2018

مسلم لیگ نون کے نام کھلا خط!


(ہمارے مخاطب مسلم لیگ نون کے وہ ارکان ہیں جو شریف خاندان کے رشتہ دار نہیں )

آپ میں سے ‘سارے نہیں ‘تو اکثر تعلیم یافتہ ہیں ۔ آپ نے تاریخ یقیناً پڑھی ہوگی۔ آپ کو یہ بھی معلوم ہوگا کہ جن لوگوں نے بادشاہوں اور ان کے جانشینوں کے لیے گردنیں کٹوائیں ‘آج انہیں کوئی نہیں جانتا ۔ کچھ اورنگزیب کے ساتھ ہوگئے تھے۔ کچھ مراد کے ساتھ کچھ داراشکوہ کے   ہمنوا بن گئے اور کچھ شجاع کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر پھرتے رہے۔ سر قلم کرا لیے۔ جنگ کے میدانوں میں کھیت رہے،خاندان اجڑ گئے۔ مخالف شہزادوں نے جائیدادیں مسمار کروا دیں ۔ ہاتھیوں کے  نیچے روند ڈالا۔ کیا آج ان میں سے کسی کا نام تاریخ کی کتابوں میں ملتا ہے؟ نہیں! سوائے چند ایک کے ‘ورنہ تو ہزاروں میں تھے! نام صرف شاہوں اور شہزادوں کے محفوظ ہیں ۔

معزز سیاستدانو تم بھی انہی کی طرح ایک خاندان کی بقا کے لیے اپنے آپ کو ایندھن بنارہے ہو۔ تم نے اپنے آپ کو’اپنے خاندانون کو ‘اپنی قیمت کو’اپنے مستقبل کو میاں نواز شریف ‘مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ساتھ وابستہ کرلیا ہے۔ مگر یہ اچھی طرح جان لو کہ شریف خاندان کے ان رہنماؤں  کے نام تو تاریخ میں ‘بُرے یا بھلے حوالے سے’زندہ رہ جائیں گے ۔تمہارے نام محفوظ نہیں رہیں گے۔ تم تو ایندھن ہو ۔ تمہارے جلنے سے ان رہنماؤں  کے اپنے چراغ جلیں گے !ہاں !جب تک عوام کو اس خاندان کی تاریخ یاد رہے گی ‘تمہیں اور تمہارے پس ماندگان کو یہ طعنے ضرور ملیں گے کہ یہ  شریف خاندان کے غلام تھے!

حقیقت تمہارے سامنے ہے!تم میں سے کچھ جو دفاع میں اور حمایت میں سب سے آگے ہیں ’تمہیں اچھی طرح معلوم ہے خلق خدا ان کے بارے میں کیا کہہ رہی ہے؟ کیا لوگ نہیں کہہ رہے کہ فلاں پرویز الٰہی کی چلتی گاڑی کے آگے رقص کرتا تھا؟ کیا خلق خدا ہنس نہیں رہی کہ فلاں جنرل مشرف کی قمیض میں خیالی گرد اپنے ہاتھوں سے کیسے جھاڑتا تھا؟ کیا چودھری شجاعت حسین کا یہ کہنا وائرل نہیں ہوگیا کہ مجھے فلاں اور فلاں کے ساتھ چھوڑ جانے کا دکھ اس زیادہ ہے کہ صبح آکر پیمان ِوفا کی تجدید کی اور شام کو دوسرے کیمپ میں چلے گئے۔سب کچھ تمہارے سامنے ہے ۔کیمپ تبدیل کرنے والے ان گرگٹوں کی جو عزت معاشرے میں اس وقت ہے تم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہو ! پھر بھی  تم عبرت نہیں پکڑ رہے ! خدا تمہاری آنکھو ں کو چند فٹ دور دیکھنے کی صلاحیت عطا کرے! صرف چند فٹ دور دیکھنے کی کوشش کرو !اس خاندان کے  پار دیکھو !دنیا کتنی بڑی ہے۔افسوس!تم نےایک خاندان کے محل کے دروازے پر اپنے آپ کو بٹھا کر اپنے بلند سیاسی مقام کو پست کر ڈالا!

مسلم لیگ نون کے ساتھ اپنے آپ کو وابستہ کرلینے والو! یہ تو سوچو کہ کیا تم اس خاندان کے زر خرید غلا م ہو؟ کیا یہ تمہارے لیے عزت کا باعث ہے کہ تم میاں  نواز شریف کے بعد مریم نواز کی وفاداری کا حلقہ اپنے کان میں ڈالو  ؟ کیا تمہارا کردار بس اتنا ہی ہے کہ کسی نہ کسی شریف کا تمہارے سر پر ہاتھ ہو؟ کیا تمہاری پارٹی میں مریم نواز  شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیسا ذہین کوئی بھی نہیں ؟ کیا تم ان سے کم تر ہو؟ کیا تم ان سے کم ذہین ہو؟ کیا تم پارٹی کی کمان نہیں سنبھال سکتے؟ کیوں نہیں سنبھال سکتے ؟ کیا تم انسان نہیں ؟

کیا تم نہیں دیکھتے کہ پارٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں کی تصویر میڈیا میں ظاہر ہوتی ہیں تو لوگ نوٹ کرتے ہیں تم مرغی کے چوزوں کی طرح ان اجلاسوں میں بیٹھے ہو ۔تمہاری رائے کو رائے نہیں سمجھا جاتا۔ تم ایک ہجوم سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتے۔ تمہاری نظر یں اجلاس کے اس حصے کا طواف کرتی ہیں جہاں میاں صاحب ان کا بھائی ان کی بیٹی اور ان کا بھتیجا تشریف فرما ہوتے ہیں ۔ تم بول نہیں سکتے۔ تم کچھ پوچھ نہیں سکتے۔ تم کوئی اعتراض نہیں کرسکتے۔ تم اگر اپنے آپ کو پارٹی کا ایک معزز رکن سمجھتے ہو تو کسی دن پوچھ کر دیکھ لو۔ کسی دن دست بستہ عرض کرو کہ میاں صاحب ! پارٹی کے اندر انتخابات کب ہوں گے؟ کسی دن ہمت کرکے یہی  پوچھ لو کہ میاں صاحب !آپ کی صاحبزادی اور آپ کے بھائی کے علاوہ پوری پارٹی میں کوئی اس قابل نہیں کہ پارٹی سنبھال سکے؟ کیا یہ موروثی پارٹی ہے؟ یہ پوچھ کر اپنی اہمیت کا اندازہ لگا لو! اور اپنا انجام دیکھ لو !

تم نے اپنی محنت سے کمایا۔ زمینیں جائیداد تمہیں اپنے باپ دادا سے وراثت میں ملیں ۔ ووٹ تمہیں  تمہارے حلقے کے عوام نے دیا/ خدا کے بندو! پھر تم نے کیوں ایک خاندان کی غلامی کا جوا اپنے کاندھوں پر رکھ لیا ہے؟ تمہارے بیٹے اسی پاکستان میں رہ رہے ہیں ۔میاں نواز شریف کے بیٹے ولایت میں رہ رہے ہیں اور فخر سے کہتے ہیں کہ و ہ پاکستانی نہیں ! کیا اپنے بیٹوں کو غیر پاکستانی بنانے والا تم سے برتر ہوسکتا ہے؟ تمہارا سب کچھ اس پاکستان میں ہے! پھر تم نے ایک ایسے شخص کو ،ایک ایسے خاندان کو اپنی گردنوں پر کیوں مسلط کررکھا ہے جس کے بیٹے پاکستان میں ہیں نہ  جائیدادیں ‘تم عقل کو کیوں  نہیں برؤئے کار لاتے ؟

تو کیا تمہاری اولادیں سیاست میں آکر مریم نواز کی غلامی کریں گی ؟ کیا تم ا س خاندان کے اقتدار کے لیے اپنے آپ کو اور اپنے وارثوں کو ایندھن بناتے رہو گے؟کیا تم پارٹی اجلاسوں میں ہمیشہ منہ بند کرکے تالیاں ہی بجاتے رہو گے؟ بس ؟ تمہاری حیثیت اتنی ہی رہے گی؟ ایک بھائی ہٹا تو اب تم پر دوسرا بھائی حکمران بن گیا !اب وہ تمہاری ہی سیاسی پارٹی کا سربراہ ہے ۔ کیا تمہاری پوری پارٹی میں کوئی ایک شخص بھی ذہانت دیانت ، حسن انتظام اور قائدانہ صلاحیت میں میاں شہبازشریف کا مقابلہ نہیں کرسکتا؟ کیا اور کوئی پڑھا لکھا نہیں ؟ کیا یہ تاج صرف اسی خاندان کے افراد کے لیے مخصوص ہے ؟ تو پھر تم پارٹی کے رکن نہیں! اس خاندان کے غلام ہو ۔ورنہ تمہیں بھی اجازت ہوتی کہ پارٹی کے اندر مرکزی یا صوبائی سطح پر انتخابات لڑ سکتے !بے شک ہار جاتے مگر تمہاری پارٹی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی روایت تو پڑتی ! تم کیوں نہیں سوچتے کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی میں ایک ذرے کا بھی فرق نہیں ! ایک بھٹو خاندان کی کنیز ہے اور دوسری شریف خاندان کی خادمہ۔

تم جمہوریت کے نعرے لگا رہے ہو ! کیا تمہیں معلوم ہے جمہوری ملکوں میں پارٹی کبھی ایک خاندان کی غلام نہیں بنتی! برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کی لیڈر شپ گزشتہ اٹھارہ سالوں میں چار بار تبدیل ہوچکی ہے۔چاروں مختلف خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں ! ڈیموکریٹک پارٹی امریکہ کی لیڈر شپ گزشتہ سترہ سالوں میں سات بار تبدیل ہوچکی ہے۔ ری پبلکن پارٹی کی قیادت ان سترہ برسوں میں نو ہاتھوں میں منتقل ہوئی ہے۔ اور پارٹیوں کے یہ سربراہ ملک کے صدر نہیں بنتے۔ پارٹی کی کمان اپنی ہے اور صدارتی الیکشن لڑنے والا اور صدر بن جانے والا پارٹی کا ماتحت ہوتا ہے۔ پارٹی کا باپ نہیں  بن جاتا۔

تو پھر کیا تم اپنی عزت نفس کو ایک شاپنگ بیگ میں ڈال کر کوڑے دان میں پھینک دو گے؟ کیا فنڈ تمہیں نواز شریف خاندان کا داماد دے گا؟ کیا یہ فنڈ تمہیں خیرات میں ملتے ہیں ؟کیا باپ کے بعد بیٹی تم پر حکمرانی کرے گی۔ ؟کیا ایک کے بعد دوسرا بھائی تمہیں موم کی ناک بنا کر ادھر سے ادھر اور اُدھر سے اِدھر موڑتا رہے گا ؟ کیا تم پتھر کے بت ہو کہ ایک نوجوان جو وفاقی اسمبلی کا رکن ہے ‘صرف اس لیے پنجاب میں تم پر حکومت کرتا ہے کہ وہ حکمران کا فرزند اعلیٰ  ہے؟ تمہیں کیا ہوگیا ہے ؟ آخر حکومت پر تمہارے بیٹوں کا حق کیوں نہیں ؟ صرف اس لیے وہ محروم ہیں کہ ان کی جائیدادیں لندن میں نہیں ‘صرف پاکستان میں ہیں؟

یاد رکھو! تاریخ تمہیں دیکھ رہی ہے۔ تمہیں ماپ تول رہی ہے۔ تمہاے پاس دو آپشن ہیں ! تاریخ میں تمہارا نام ایک خاندان کے غلام کے طور پر لکھا جا ئے گا یا جمہوریت کے سپاہی کے طور پر! اگر تم کھڑے ہوکر میاں صاحب سے کہہ سکتے ہو کہ حضور! پارٹی قیادت آپ کے خاندان کی وراثت نہیں ! یہ پارٹی کے ارکان کی مرضی ہے کہ کسے پارٹی کی قیادت کے لیے چنیں۔ایک خاندان کے پانچ افراد کو یہ حق پارٹی کے ہزاروں ارکان نہیں دے سکتے کہ وہ بند کمرے میں بیٹھ کر فیصلہ کریں یہ پارٹی کلثوم نواز ،مریم نواز ، شہباز شریف، اور حمزہ شہباز کی نہیں ‘یہ ارکان کی پارٹی ہے ! آخر خواجہ آصف کیوں نہیں پارٹی کا صدر بن سکتا۔؟ اگر تم ایسا نہیں کرتے تو پھر خاموش ہوکر ‘بارش زدہ مرغی کی طرح پارٹی کے اجلاسوں میں تالیاں بجاتے رہو! مگر یاد رکھو! تاریخ میں تمہاری حیثیت ایک مخصوص خاندان کے گمنام غلام سے زیادہ کچھ نہیں ہوگی!

تمہاری داستاں بھی نہ ہوگی داستانوں میں!


 

powered by worldwanders.com