Monday, March 11, 2013
انسداد… کیا ہم سنجیدہ ہیں؟
بادامی باغ کی مسیحی بستی کے ساتھ سنیچر کے دن جو کچھ ہوا، کیا امامِ کعبہ اُسے جائز قرار دیں گے؟ کیا مسجدِ نبوی کے امام اُس کا دفاع کریں گے؟ کیا الازہر یونیورسٹی کا دارالافتا اُس کے حق میں فتویٰ دے گا؟ کیا مولانا جسٹس تقی عثمانی اُس کا جواز پیش کریں گے؟ کیا مولانا ثروت قادری حملہ آوروں کا ساتھ دیں گے؟ کیا مدرسہ نعیمیہ کے مفتی صاحب 175ہنستے بستے گھروں کو خاکستر کرنے والوں کو حق بجانب قرار دیں گے؟ لیکن ٹھہریے، پہلے ایک اور سوال کا جواب تلاش کریں۔
یہ کچھ ہی عرصہ پہلے کا واقعہ ہے۔ بہاولپور کے قریب ایک بستی میں ایک پاگل شخص پر گستاخی کا الزام لگا۔ اُسے تھانے میں محبوس کیا گیا۔ اتنے میں قصبے کی مسجدوں میں لائوڈ سپیکروں پر عوام سے باہر نکلنے اور ملزم کو کیفر کردار پہنچانے کی اپیلیں اور تقریریں شروع ہو گئیں۔ ہزاروں لوگوں نے تھانے کا گھیرائو کر لیا۔ پولیس نے کمک منگوائی تو راستہ بلاک کرکے کمک کو پہنچنے نہ دیا گیا۔ پولیس کے افسر اور جوان زخمی ہوئے، ان کی سرکاری گاڑیاں نذرِ آتش کر دی گئیں۔ ہجوم ملزم کو پکڑ کر، گھسیٹ کر تھانے سے باہر نکال لایا۔ سینکڑوں ہزاروں لوگوں کے سامنے اُس کے سر پر پٹرول انڈیلا گیا اور اُسے زندہ جلا دیا گیا۔ حالت یہ ہے کہ صرف انگریزی اخبارات نے اِس روح فرسا واقعے کا ذکر کیا۔ اردو اخبارات نے (روزنامہ ’’دنیا‘‘ اُس وقت تک نہیں نکلا تھا) یہ خبر یا تو چھاپی ہی نہیں یا غیر نمایاں انداز میں اس کا سرسری ذکر کیا۔ تقریباً تمام غیر ملکی پریس نے اس کی شہ سرخی بنائی۔
سوال یہ ہے کہ کیا اُس وقت مجرموں کو سزا دی گئی؟ کیا قانون ہاتھ میں لینے والوں کا محاسبہ کیا گیا؟ کیا لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے عوام کو مشتعل کرنے والوں کو پکڑا گیا؟ کیا متعلقہ صوبائی حکومت نے اس سارے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا؟ حکومت چاہے تو پولیس مجرموں کو سات زمینوں کے نیچے سے پابہ زنجیر باہر لے آتی ہے۔ اگر اُس وقت ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جاتی، اگر انہیں نشانۂ عبرت بنایا جاتا تو بادامی باغ والے حادثے سے بچا جا سکتا تھا۔ لوگوں کو اچھی طرح معلوم ہے اور اطمینان ہے کہ انہیں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ وہ چاہیں تو بستیوں کی بستیاں جلا دیں، وہ چاہیں تو انسانوں کو زندہ جلا دیں‘ وہ چاہیں تو سینکڑوں رکشائیں‘ گاڑیاں‘ موٹرسائیکلیں نذرِ آتش کر دیں اور مال اسباب لوٹ کر لے جائیں۔ حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی اور پولیس کے ہاتھ بندھے ہیں۔
حکومت اور پولیس کو بھی چھوڑیے، کیا ہمارے علمائے کرام نے اس واقعے کا نوٹس لیا؟ کیا انہوں نے غلط کو غلط کہا؟ کیا انہوں نے فتویٰ دیا کہ جو کچھ ہوا اُس کا اسلام اور اسلامی قوانین سے دُور کا بھی تعلق نہیں؟ ہمارے علمائے کرام، اگر کسی مدرسے پر چھاپہ پڑ جائے تو احتجاج کرکے زمین آسمان ایک کر دیتے ہیں اور حکومت کو وہ دھمکیاں دیتے ہیں کہ پہاڑ لرزنے لگتے ہیں، لیکن اس واقعے پر کسی مکتبِ فکر کے کسی عالم نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی۔ ہمارے علمائے کرام کا کیا کہنا! سارے ملک میں دھماکوں سے ہزاروں بے گناہ مارے گئے، ملک کے معروف ترین عالم سے ٹیلی ویژن پر اس کے بارے میں بات کی گئی تو فرمایا کہ یہ فتنوں کا زمانہ ہے۔ خاموشی اور کنارہ کشی ہی بہتر ہے۔ چند دن بعد کراچی کے جوڑیا بازار میں دھماکہ ہوا تو
ساری خاموشی اور کنارہ کشی بھک سے اُڑ گئی۔ پریس کانفرنسیں منعقد کی گئیں اور وہ احتجاج ہوا کہ اللہ دے اور بندہ لے۔ روایت ہے (نہ جانے صحیح یا غلط) کہ جوڑیا بازار میں مقدس ہستیوں کے مالی مفادات مجروح ہوئے تھے! حکومتی اہلکاروں نے اپنی قانونی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دینے کے لیے کراچی کے ایک مشہور مدرسہ کی تلاشی لی تو وہ ہنگامہ کیا گیا اور رائی کا وہ پہاڑ بنایا گیا کہ الامان والحفیظ! لیکن زندہ انسانوں کو مذہب کے نام پر آگ کے شعلوں کی نذر کر دیا جائے اور سینکڑوں گھروں کو مذہب کے نام پر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا جائے تو آہ کی ہلکی سی آواز بھی نہیں سُنائی دیتی۔
آگے چلیے، ماضی قریب میں دارالحکومت کی ایک کم سن بچی مقدس اوراق جلانے کے الزام میں پکڑی گئی تو گواہوں نے باقاعدہ ثابت کیا کہ مولوی صاحب نے خود نورانی قاعدہ کے اوراق جلے ہوئے کاغذوں میں رکھے تھے۔ کسی طرف سے کوئی آواز بلند نہ ہوئی کہ مولوی صاحب پر توہین کا مقدمہ چلایا جائے۔ یہ بھی سننے میں آیا کہ سارا قضیّہ زمین پر قبضے کا تھا۔ اگر اُس وقت انصاف کیا جاتا اور اصل قصور وار کو سزا دی جاتی تو عین ممکن تھا کہ بادامی باغ والا حادثہ رونما نہ ہوتا۔
ہم کہاں جا رہے ہیں؟ ہماری منزل کیا ہے؟ ہم دنیا پر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ہر ماہ اندرونِ سندھ سے بیسیوں غیر مسلم خاندان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ اجمیر شریف کی درگاہ کے دیوان نے ہمارے وزیراعظم کا استقبال کرنے سے انکار کر دیا ہے اور جو وجوہات بتائی ہیں ان میں ایک یہ ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔ کیا ہم اِس الزام کی تردید کر سکتے ہیں۔ جماعتِ اسلامی کے رہنما نے بنگلہ دیش کے حالات کے حوالے سے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی ہے۔ اگر بادامی باغ والی بربریت کے ضمن میں بنگلہ دیش بھی اقوامِ متحدہ کی بات کرے تو ہمارے پاس کیا جواب ہوگا؟ گوگل کی جس ٹیم نے یو ٹیوب کی بندش کے متعلق بات چیت کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا، اُس نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ کیا ہمیں معلوم ہے کہ ہم الگ تھلگ ہو رہے ہیں؟ شمالی امریکہ کے 70 فیصد لوگوں نے پاکستان کو قابلِ نفرت قرار دیا ہے!
پنجاب کے وزیر قانون نے کہا ہے کہ آگ لگانے والوں کو معافی نہیں ملے گی۔ اب ان پر لازم ہے کہ ملزموں کو عبرت ناک سزا دیں تاکہ آئندہ کسی ہجوم کو ایسی بربریت کا حوصلہ نہ ہو۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
6 comments:
Dear Izhar sahib
Very well written,
آگے چلیے، ماضی قریب میں دارالحکومت کی ایک کم سن بچی مقدس اوراق جلانے کے الزام میں پکڑی گئی تو گواہوں نے باقاعدہ ثابت کیا کہ مولوی صاحب نے خود نورانی قاعدہ کے اوراق جلے ہوئے کاغذوں میں رکھے تھے۔ کسی طرف سے کوئی آواز بلند نہ ہوئی کہ مولوی صاحب پر توہین کا مقدمہ چلایا جائے
.
.
.
.
یہ کیا فضول بات ہے۔کب کی یہ بات ظاہر ہوئی ہے کہ وہ لڑکی ہی ملوث تھی اور امام کو پھنسایا گیا تھا، سارا میڈیا اس پر بول رہا تھا، جس نے امام کو پھنسایا تھا ،وہ خود ہی ٹی وی کے سامنے اقرار کرنے لگا کہ میں نے کسی کے اشارے پر امام مسجد صاحب کو پھنسایا ہے اور میں اسکی معافی مانگتا ہوں، حوالے کیلئے خود ہی انٹرنیٹ کو تلاشئے۔
یہ کونسا طریقہ ہے کہ بادامی باغ سے بات کو لے کر مولوی پر چڑھ دوڑے۔ یہی آپکے کالم کا خلاصہ ہے کہ بس مولوی کو گالی دو تو ملک میں مسائل حل ہوجائیں ۔
آپ لوگ خود تو ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اور بس ایک مولوی ہی ملک کی ہر برائی کا ذمہ دار ہے۔
ذرا ملک میں دیکھو کتنے فیصد مولوی ہیں اور کتنے فیصد نان مولوی۔ کون ملک میں زیادہ ایکٹیو ہے، سب پارٹیا ں نان مولویوں کی ہیں، لیکن گناہ گار اگر ہے تو بس مولوی ۔
کسی اور پر ہو نا ہو مولوی پر تو بے جا الزام تراشی بھی آسان ہے۔
کم از کم اتنا تو بندہ خیال بھی کیا کرئے۔
آپکی اس تحریر سے صاف ظاہر ہے کہ بادامی باغ کے سلسلے میں آپ نے رتی برابر بھی تحقیق نہیں کی ، بس جو ظاہری صورت حال ہے ،اسی سے بلڈ پریشر کے مریض کی طرح مولوی پر چڑھ دوڑے۔
کیا بادامی باغ سے پہلے قتل عام نہیں ہوئے ، کیا صرف اقلیتوں کا خون بہتا ہے۔ اکثریت محفوظ ہے؟؟؟
کیا اس میں لینڈ مافیا ملوث نہیں ہے؟؟؟
اور ہاں سمجھ نہیں آتی کہ یہ گستاخی کرنے والے سارے پاگل ،نابالغ اور مجنون کیوں ہو جاتے ہیں۔
آدمی میں سامنے آکر بات کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ توریہ حضورِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ کے موقع پر کیا تھا۔ کیا ہم مستقل حالت جنگ میں ہیں؟
بھائی، سیدھی سی بات ہے۔ جس طرح پولیس عوام کی بہت خدمت کرتی ہے لیکن یہ ادارہ ایسا بدنام ہے کہ آپ چاہے فرشتے بھی اپائنٹ کردیں اس میں، اس ادارے پر لگا دھبہ نہیں مٹ سکتا۔ مولوی (مراد دین کے نام پر لوٹ مار کرنے والا نہ کہ اللہ والا) اتنا لوت چکا ہے اور قوم کو اتنا دور لے جاچکا ہے اپنی تنگ نظری کی وجہ سے کہ اب مولوی کا لفظ پولیس والے کی طرح بدنام ہوگیا ہے۔ مولوی کو کوئی برا نہیں کہتا، مولویوں کے بھیس میں پھرنے اور ڈکرانے والے ایسے وحشیوں کے بارے میں لوگ غصہ نکالتے ہیں۔ دور نہ جایئے، پچھلی بار ایک مولوی نے مشرف کو ٹیک دی تھی اور اسمبلی سے اگلی ٹرم کے لیے ووٹ دلوایا تھا، کیا لال مسجد میں مسلمانوں کی بیٹیوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے کے لیے یہ عمل درست تھا؟ برا نہ مانیے، اسی قسم کی حرکتیں ہیں کچھ مولویوں کی جس کی وجہ سے اچھا بھلا مسلمان ان سے نالاں ہے۔
میں آپ کی کسی بھی بات کا جواب اس وقت دوں گا جب آپ اپنے چہرے سے قلمی نام کا بقاب اتاریں گے۔ اگر ہمارا دین حق ہے تو دو چہرگی کی کیا ضرورت ہے؟
10% Pakistanis are terrorists. Other 90% are support network. These incidents do not happen without will and support is masses.
جناب حافظ صاحب
اس کالم میں جس مولوی کی بات کی گئی ہے،وہ نا تو اسمبلی میں گیا ہے،اور نا ہی مشرف کا ہم نوا۔
بلکہ مسجد کا ایک سیدھا سادا امام صاحب ہیں،جنہوں نے ایک سازش کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی اور الٹا اسکو پھنسایا گیا۔
نا ہی بادامی باغ میں کسی مولوی نے حکم دیا تھا کہ اسکو جلاو،بلکہ ان ناسمجھ اور ذہنی بیمار عوام جو کہ دھکے کھا کھا کر پاگلپن کے قریب ہے نے اقلیتوں کے گھر جلائے ہیں۔
بات کو موضوع تک ہی رہنے دیا جائے۔
خلاف موضوع پر گفتگو سے معذرت
بادامی باغ والے اس سانحے کو مذھبی قرار دینے سے انکار کرتے ہین۔اور کہتے ہیں کہ اس سانحے کو سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے کیا گیا۔گویا سیاسی ایما پر بادامی باغ کا واقعہ پیش آیا۔
لیکن پاگل عوام میں سے بعض اسکو مولوی کی کارستانی قرار دے رہے ہیں
Post a Comment