لوگ آسان سمجھتے ہیں مسلماں ہونا
نہیں! یہ ایک اہم مسئلہ ہے اور جو اسے اہم نہیں گردانتے، غلطی پر ہیں۔ ہمارا دعویٰ ہے کہ ہمیں اللہ نے اسلام کی دولت سے نوازا ہے‘ مغرب اس سے محروم ہے اور اس میں شک ہی کیا ہے! ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم خدا کے آخری رسولؐ کے ماننے والے ہیں۔ ہمارے پاس قرآن پاک کی نعمت ہے اور رسول خداﷺ کے فرامین ہمارے لیے مقدس ہیں۔ کیا یہ خدا کا احسان نہیں کہ ہم کسی پتھر کے بت کے سامنے سجدہ ریز نہیں ہوتے، کسی مندر میں بھجن نہیں گاتے‘ کسی پیغمبر کو خدا کا بیٹا نہیں کہتے۔ اس نعمت کے باوجود‘ اس دولت کے باوجود ہم مغرب سے پیچھے کیوں ہیں؟ ہم کثیر تعداد کے باوجود بھیڑ بکریوں کے گلّے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔ کیوں؟ ہم پر دنیا اعتبار نہیں کرتی۔ ہمیں خلق خدا اس قابل نہیں سمجھتی کہ بلا کھٹکے ہم سے تجارت کرے۔ ہم جو کچھ کہتے ہیں، غیر ملکی سفارت خانے تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ وہ الگ سے جانچ پڑتال کرتے اور کراتے ہیں۔ ہمیں ہر کوئی شک کی نظروں سے دیکھتا ہے۔ آخر اسلام ہماری زندگیوں میں کیوں نظر نہیں آتا؟ یہاں ایک اور سوال پیدا ہوتا ہے۔ معاملے کا ایک اور پہلو سامنے آتا ہے۔ ہم میں سے کچھ وہ ہیں جو کسی ...