جے شنکر کی بد زبانی
قد چھ فٹ سے زیادہ! جسم مضبوط اور متناسب! دیکھنے میں شخصیت وجیہ‘ رعب دار اور دلکش! مگر موصوف جب بولتے تو سننے والا افسوس کرتا کہ کاش نہ بولتے۔ اتنی بے اثر اور فضول گفتگو کرتے کہ سارا تاثر زائل ہو جاتا۔ جو بات بھی کرتے‘ احمقانہ کرتے۔ سب نے ان کا نام گِٹّے شاہ رکھ دیا۔ گِٹّا پنجابی میں ٹخنے کو کہتے ہیں۔ بیوقوف آدمی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ عقل اس کے گِٹّے میں بھی نہیں۔ اسی وجہ سے ان کا نام گِٹّے شاہ پڑ گیا۔ غور کریں تو بھارت آپ کو گِٹے شاہ لگے گا۔ اس کا نقشہ دیکھیں تو انسان حیران ہوتا ہے اور متاثر!! کہاں کیرالہ اور تامل ناڈو اور کہاں ہما چل پردیش اور آسام! رقبہ 32 لاکھ 87 ہزار مربع کلو میٹر سے زیادہ! یعنی پاکستان کے رقبے سے چار گنا بڑھ کر! جنوب میں بھارت کا آخری شہر کنیا کماری ہے۔ یہ ریاست تامل ناڈو میں ہے۔ شمال میں بھارت کا آخری شہر لیہہ (Leh) ہے جو لداخ میں واقع ہے۔ ان دونوں‘ یعنی انتہائی جنوبی اور انتہائی شمالی شہروں کا درمیانی فاصلہ تین ہزار آٹھ سو کلو میٹر ہے۔ بھارت کا انتہائی مشرقی شہر کبیتو (Kibithu) ہے جو اروناچل پردیش کا حصہ ہے۔ اندازہ لگائیے‘ کنیاک...