مستقبل کا وفاقی دارالحکومت
سیاحت کے دوران مسافر کا گزر ایک عجیب و غریب شہر سے ہوا! اس شہر میں محلات تھے۔ صاف ستھری شاہراہیں تھیں! خریداروں سے چھلکتے بازار تھے۔ فلک بوس پلازے تھے۔ ریستوران تھے۔ دفاتر تھے۔ تعلیمی ادارے تھے۔ دوسرے ملکوں کے سفارت خانے تھے‘ مگر پورے شہر میں درخت ایک بھی نہ تھا۔ کوئی پودا نظر نہیں آرہا تھا۔ کہیں کوئی پھول تھا نہ پتّا! یہاں تک کہ زمین کے کسی ٹکڑے پر گھاس بھی نہ تھی۔ روئیدگی کا کہیں نام و نشان نہ تھا۔ مسافر نے ایک نوجوان شہری سے پوچھا کہ تمہارے شہر میں درخت کیوں نہیں؟ اس نے حیرت سے کہا: درخت کیا ہوتا ہے؟ اس نے شاید پیدائش کے بعد درخت دیکھا ہی نہیں تھا۔ اس پر مسافر کو ایک اور واقعہ یاد آگیا۔ اسے ایک اور شہر میں ایسی بارش سے واسطہ پڑا تھا جو ہفتوں سے جاری تھی اور تھمنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔ مسافر نے ایک لڑکے سے پوچھا کیا یہاں بارش رکتی بھی ہے؟ لڑکے نے جواب دیا: مجھے کیا معلوم! میں تو ابھی صرف آٹھ سال کا ہوں! مسافر پریشان تھا۔ کئی ملکوں اور کئی براعظموں کی سیاحت کے دوران اسے پہلی بار ایسے شہر سے واسطہ پڑا تھا جو آباد تھا مگر بنجر تھا۔ کہیں کوئی گھاس تھی نہ درخت۔ یہاں تک کہ کوئی ...