ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت
یہ درست ہے کہ قبرض کے ترک حصے میں یونان نے مداخلت کی تھی تو چند ثانیوں کے اندر اندر ترکی کے جنگی جہاز ایتھنز پر منڈلا رہے تھے۔ یہ بھی درست ہے کہ تائیوان ہو یا کوئی اور مسئلہ، چین نے کبھی کسی ملک کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی لیکن یہ سب تاریخ کے کولڈ سٹوریج میں جا چکا ہے۔ یہ سب ماضی کی داستانیں ہیں۔ آج اگر کرۂ ارض پر کوئی غیرت مند اور خود مختار ملک بڑی سے بڑی طاقت کو اپنے امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتا تو وہ صرف اور صرف پاکستان ہے! طلوع ہونے والے سورج کے دیس جاپان سے لے کے ۔۔ بحرالکاہل کے نیلے پانیوں کے کنارے آباد میکسیکو تک اور آسٹریلیا کے دل نشین ساحلوں سے لے کر دل پر جادو کر دینے والے فن لینڈ تک ۔۔ صرف پاکستان ہی ایک ایسا عزت دار ملک ہے جس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے والی بڑی سے بڑی طاقت چند لمحوں کے اندر اندر جھاگ کی طرح بیٹھ جاتی ہے۔ شیخ سعدی اگرچہ کچھ دیر پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو گئے لیکن ان کی دور رس نگاہیں پردۂ غیب پر پاکستان کو دیکھ چکی تھیں۔ انہوں نے یہ شعر یقیناً پاکستان کے لئے کہا تھا …؎ ہر کہ با فولاد بازو پنجہ کرد ساعت سیمینِ خو...