تھوڑا سا گلہ
عزیز گرامی سید عمران شفقت میرے ان پسندیدہ وی لاگرز میں سے ہیں جنہیں سننا میں بطورِ خاص پسند کرتا ہوں! گفتگو کرنے کا ڈھنگ جانتے ہیں۔ بے خوف بھی ہیں۔ بے خوفی کا خمیازہ بھی بھگتا ہے۔ ساتھ پنجابی کا تڑکا لگاتے ہیں جس سے بقول یگانہ چنگیزی ''اثر دُونا‘‘ ہو جاتا ہے۔ ان کے وی لاگ کا ایک دلچسپ فیچر ''بیٹھک‘‘ ہے۔ اس میں چند معروف اور مخصوص وی لاگرز اور لکھاری شریک ہوتے ہیں۔ تمام شرکا کا مسکن کم و بیش ایک ہی شہر ہے۔ بیٹھک کے ہر سیشن میں مستقلاً یہی اصحاب ہوتے ہیں! اس ہفتے بیٹھک کا جو سیشن ہوا اس میں کچھ باتیں سخن گسترانہ ہوئیں۔ نئے صوبوں کی تجویز پر گفتگو ہوئی اور ایسی زور دار کہ بس چاند ماری یاد آگئی۔ سب ایک دوسرے سے متفق تھے اس لیے کہ سب ایک ہی شہر کے مکین تھے۔ اصل بات یہ ہے کہ قطعِ نظر اس بات سے کہ اس مسئلے کو کس نے اٹھایا ہے‘ دیکھنا یہ چاہیے کہ مسئلہ کیا ہے؟ عربی کا مقولہ ہے: انظر الیٰ ما قال ولا تنظر الیٰ من قال۔ یہ نہ دیکھو کہ کس نے کہا ہے‘ یہ دیکھو کہ کہا کیا ہے؟ یہ کالم نگار ایک مدت سے صوبوں کی تعداد بڑھانے کے لیے لکھ رہا ہے۔ اس لیے کہ تعلق ایک ایسے ضلع سے ہے ج...