اقلیت؟ کون سی اقلیت؟؟
اشتہار۔ یورپ‘ امریکہ‘ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں خاکروبوں کی ضرورت ہے۔ درخواستیں دینے والے لازماً پاکستانی مسلمان ہوں۔ معاوضہ معقول دیا جائے گا۔ ضروری اعلان۔ آج سے امریکہ‘ یورپ‘ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کو بالعموم‘ اور پاکستانی مسلمانوں کو بالخصوص اقلیت کہا اور سمجھا جائے گا۔ فرض کیجیے‘ ایسا اشتہار واقعی نشر کر دیا جائے اور ایسا اعلان بھی حقیقت کا روپ دھار لے تو ہم کیسا محسوس کریں گے؟ ابھی تک تو ان ملکوں میں مسلمانوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جاتا ہے جو دوسرے شہریوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ لیکن اگر پاکستانی مسلمانوں کو اقلیت قرار دے دیا جائے اور اس پر پاکستانی تارکینِ وطن اعتراض کریں تو آپ کا کیا خیال ہے ان ملکوں کی حکومتوں اور عوام کا کیا ردِ عمل ہو گا؟ یہ مسئلہ ہم اس لیے اُٹھا رہے ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاکروب کی اسامیوں کے اشتہار میں ''صرف مسیحی‘‘ لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ اشتہار میں ''صرف کرسچین‘‘ لکھنے کے بجائے ''صرف ش...