بحث نہ کرنے کے طریقے
چچا اور سگے بھتیجے میں بول چال بند ہے۔ دونوں مخالف سیاسی جماعتوں کے حامی ہیں۔ دونوں میں بحث ہوئی‘ لہجے تلخ ہونے لگ گئے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے لیڈروں کو برا بھلا کہا۔ بھتیجا گستاخی پر اتر آیا۔ دونوں کی بول چال بند ہو گئی۔ دو سگی بہنیں مختلف مسلکوں کی پیروکار ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش کرنے لگیں۔ بات بحث سے بڑھ کر جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ پھر دونوں نے ایک دوسرے کو کافر کہا اور تعلقات ختم ہو گئے۔ دو پرانے دوست اس لیے دشمن بن گئے کہ ایک کہتا تھا رمضان کے چاند کو آنکھ سے دیکھنا لازم ہے‘ دوسرا کیلنڈر کی بات کرتا تھا۔ دونوں ایک دوسرے کو قائل کرتے رہے‘ پھر ایک دوسرے کا تمسخر اڑانے لگے‘ پھر دشنام طرازی کی نوبت آ گئی اور آخری مرحلے میں دوستی عداوت میں تبدیل ہو گئی۔ بحث ہم پاکستانیوں کی پسندیدہ سرگرمی ہے۔ شادی بیاہ کا اجتماع ہو‘ کوئی افسوس کی محفل ہو‘ کہیں لنچ یا ڈنر کیلئے احباب اکٹھے ہوں‘ جو بھی موقع ہو‘ بحث ضرور ہو گی۔ خواہ سیاسی ہو یا مسلکی! انجام بحث کا دہانوں سے نکلتی جھاگ پر ہوتا ہے۔ بیرونِ ملک آباد پاکستانیوں کا بھی یہی حال ...