واہ رے سکرین! واہ
ناشائستہ لوگ گھروں میں گھس آئے ہیں! اور المیہ یہ ہے کہ گھروں کے دروازے بند نہیں کیے جا سکتے! جس قماش کے لوگوں کو ہم شرفا گلی میں سلام نہیں کرتے تھے‘ ان سے کوئی بات نہیں کرتے تھے‘ اپنے بچوں پر جن کا سایہ نہیں پڑنے دیتے تھے‘ جنہیں جرأت نہیں ہوتی تھی کہ ہم سے کلام کریں‘ وہ ہمارے دالانوں‘ خوابگاہوں یہاں تک کہ زنان خانوں میں آ گئے ہیں! انا للہ وانا الیہ راجعون!! آپ کا کیا خیال ہے جو شخص پکے جواریوں اور نشے کے عادی مجرموں کی طرح سگرٹ کا سوٹا ایک خاص انداز میں لگاتا ہے‘ وہ آپ کے گھر میں داخل ہو کر‘ آپ کے ڈرائنگ روم میں بیٹھ سکتا ہے؟ آپ یہ سن کر لاحول پڑھیں گے۔ مگر وہ تو آپ کے ڈرائنگ روم ہی میں نہیں‘ آپ کے بیڈ روم میں بیٹھا ہے! افسوس! صد افسوس! ریٹنگ کے راتب اور ڈالر کی ہڈی کے لیے چند اینکر ایسے غیر مہذب افراد کو پروگراموں میں بلاتے ہیں! تین حرف ایسی ریٹنگ پر! اور ایسے ڈالروں پر!! ثقافت کی کرسی پر انہیں بٹھا دیا گیا ہے جن کے اصل ٹھکانوں کے نام بھی شرفا کے گھروں میں نہیں لیے جاتے تھے اور اب یہ اُس جسم کے ساتھ جو زمین پر بوجھ ہے اور اس زبان کے ساتھ جو کاٹ دینی چاہیے‘ شرفا کے گھروں کے ان...