ایک دلکش دنیا جو صرف آپ کی ہو گی!
اِدھر اُدھر دیکھیے۔ کتنے ہی افراد جو پرائمری اور ہائی سکول میں آپ کے ساتھ تھے‘ آج دنیا میں نہیں ہیں۔ جو کالج‘ یونیورسٹی میں ساتھ تھے‘ ان میں سے بھی کچھ جا چکے ہیں۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو غور کیجیے‘ کتنے ہی آپ کے ہم عمر تھے جو کنوارے اس جہان سے رخصت ہو گئے۔ اگر آپ پوتوں‘ نواسیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو آپ پر پروردگار کا خاص کرم ہے! اس نے آپ کو اتنی مہلت دی کہ آپ ان شیریں میووں سے حظ اٹھا سکیں! کتنے ہی آپ کے دوست آخرت کو سدھار چکے! آپ آج بھی موجود ہیں! اللہ تعالیٰ نے بھی آپ کی سانسوں میں اضافہ کیا اور وہ دعائیں بھی قبول ہوئیں جو آپ کے بزرگ آپ کو دیتے رہے۔ وہ دعائیں جو روٹین لگتی ہیں‘ اصل میں قیمتی نسخے ہیں! ''اللہ حیاتی دے‘ اللہ سلامت رکھے‘ جُگ جُگ جیو‘‘ اور بہت سی اور بھی!! بڑی بوڑھیاں یہ بھی کہتی تھیں ''اللہ کرے کھُنڈی پر چلو‘‘ یعنی اتنی طویل عمر ہو کہ عصا کے سہارے چلو! آپ کی مصروفیت کا احساس ہے! ازراہِ کرم پانچ منٹ مزید عنایت فرمائیے! اپنے جسم پر غور کیجیے۔ آپ کے دل کی مشین برابر چل رہی ہے۔ گردوں کی چھلنیاں ڈیوٹی دے رہی ہیں۔ خون کی صفائی ہو رہی ہے۔...