اس مٹی میں سونا ہے! خالص سونا!!
دو کمروں کا چھوٹا سا سرکاری کوارٹر تھا جس کے سامنے جہازی سائز کی کار رُکی! کار میں سے دو افراد اُترے۔ ایک ادھیڑ عمر شخص اور دوسرا اٹھارہ بیس سال کا نوجوان! ادھیڑ عمر شخص نے دروازے پر دستک دی! کوارٹر سے ایک صاحب نکلے اور کہا: جی! فرمائیے! ادھیڑ عمر شخص نے بتایا کہ وہ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے۔ اس کوارٹر میں اس نے بچپن اور لڑکپن گزارا ہے۔ یہ سرکار کی طرف سے اس کے والد کو الاٹ ہوا تھا۔ ان کا کنبہ یہاں کئی سال رہا۔ آج وہ اپنے بیٹے کو یہ کوارٹر دکھانے آیا ہے۔ پھر اس نے کوارٹر میں رہنے والے ان صاحب سے کہا کہ اگر ان کے گھر والوں کو زحمت نہ ہو تو وہ بیٹے کو کوارٹر اندر سے دکھانا چاہتا ہے۔ اس نے اجازت دے دی۔ ادھیڑ عمر شخص بیٹے کو اندر لے گیا۔ اسے دکھایا کہ یہ دو کمرے تھے جن میں پانچ افراد رہتے تھے۔ چھوٹا سا باورچی خانہ اور ایک غسل خانہ تھا۔ گیزر قسم کی کوئی شے نہ تھی۔ نہانے اور وضو کرنے کے لیے پانی چولہے پر گرم کیا جاتا تھا اور بالٹی میں ڈال کر غسل خانے میں لے جایا جاتا تھا۔ بیٹا دم بخود ہو کر دیکھتا اور سنتا رہا۔ پھر ادھیڑ عمر شخص نے کوارٹر میں رہنے والے صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں باپ ...