شٹر پاور
شبر زیدی کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ کبھی نہیں سنا کہ وہ مسلم لیگ نون یا قاف کا حصہ رہے۔ جے یو آئی کی قربت کا اعزاز بھی انہیں حاصل نہیں! جس عہدِ ہمایونی میں بڑے بڑے لوگ خاک کے فرش پر بیٹھ کر الطاف بھائی کے فنِ خطابت سے مسحور ہوتے تھے اور ناک پر بیٹھی مکھی اڑانے کا خطرہ بھی مول نہیں لیتے تھے‘ شبر زیدی کو وہاں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ عبوری دور میں سندھ کے وزیر خزانہ رہے۔ ٹیکس کے جملہ امور کے ماہر ہیں۔ کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے دورِ اقتدار میں انہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کا سربراہ بنایا۔ نیت خان کی نیک تھی کہ ٹیکس کا دائرہ وسیع تر کیا جائے مگر شبر زیدی ناکام ہوئے۔ یا ناکام کر دیے گئے۔ اب شبر زیدی نے تحریک انصاف کی انقلابی حکومت کا اصل چہرہ دکھایا ہے۔ عمران خان نے‘ بقول عمران خان کے‘ امریکہ کے سامنے تو Absolutely not کا نعرہ لگایا مگر اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے سامنے جب یہ نعرہ لگانے کا وقت آیا تو خان صاحب کو ہنسی آگئی۔ شبر زیدی نے جو کچھ بتایا ہے اس سے اس حقیقت پر مہرِ تصدیق ثبت ہو گئی ہے کہ ت...