سہیلی بوجھ پہیلی
گھر میں بیٹھے ہیں تو کیا کریں؟ بچوں کے ساتھ لڈو کھیلی۔ کیرم بورڈ کھیلے۔ اس میں میرا نواسہ ہاشم مجھے مات کر دیتا ہے۔ کتابیں پڑھتے ہیں۔ ٹی وی دیکھتے ہیں۔ سب گھر والے کسوٹی بھی کھیلتے ہیں۔ ویسے ایمانداری کی بات ہے کھیل کے دوران ''روند‘‘ (Cheating) نہ کی جائے تو مزہ نہیں آتا۔ دیانت داری سے کھیلنے کا لطف خاک نہیں ثواب حاصل کرنے کیلئے اور بہت سے کام ہیں۔ ایک دلچسپ شغل پہیلیاں بوجھنا ہے۔ ہمارے لڑکپن میں یہ کھیل عام تھا۔ کورس کی کتابوں میں بھی ایک دو سبق پہیلیوں کے ضرور ہوتے تھے۔ کچھ تو آج تک یاد ہیں۔ جیسے ہری تھی‘ من بھری تھی‘ راجہ جی کے باغ میں‘ دو شالہ اوڑھے کھڑی تھی۔ یہ مکی کا بھٹہ (چھلّی) ہے۔ کچھ اور بجھارتیں دیکھئے:۔ ٭ ذرا سی بچی‘ اتنا لمبا پراندہ (یہ سوئی دھاگہ ہے) ٭ ایک کٹورا‘ اس میں دو رنگا پانی (انڈا) ٭ دو سگے بھائی‘ کبھی اکٹھے‘ کبھی جدا (دروازے کے دو کواڑ) ٭ خود تو جا رہے ہو‘ ساتھ کون ہے؟ (سایہ!) ٭ اگلی اچھی ہے نہ پچھلی‘ مگر جو درمیان میں ہے اس پر میں قربان (جوانی) ٭ چھوکری کے سر پر راکھ کی ٹوکری (چلم) ٭ ذرا سی لڑکی‘ چھوٹے چھوٹے دانت کھا کھا کر سیر نہ ہو‘ گٹھری بھر کر لائے (...