کیا افغان تاریخ میں یہ معجزہ برپا ہو گا؟
بھارت میں علیحدگی کی سترہ تحریکیں چل رہی ہیں یا سترہ سو ! سترہ ہزار بھی چل رہی ہوتیں تو اس پریشانی کا عشیرِ عشیر بھی بھارت کو لاحق نہ ہوتا جو پاکستان صرف اس لئے بھگت رہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ اس کی سرحد ملتی ہے ! بازی گر تماشے دکھا رہا تھا۔ وہ تنی ہوئی رسی پر اُلٹا لٹکا ہوا تھا۔ اس کے ساتھی نے زمین سے پوچھا کیا تم تکلیف میں ہو؟ ’’ ہاں ! میں بہت تکلیف میں ہوں ‘‘ ’’ کیا تم اذیت میں ہو؟ ‘‘ ’’ ہاں ! میں بہت اذیت میں ہوں مگر اب بھی اس مرد سے کم تکلیف اور کم اذیت میں ہوں جس کی دو بیویاں ہیں۔ قیام پاکستان سے لے کر اب تک ‘ کون سا دکھ ہے جو پاکستان نے اس سرحد کی وجہ سے نہیں جھیلا۔ کوئی مورخ ایسا ہو جو صرف ان دکھوں کی تاریخ لکھے۔ کوئی جادوگر ایسا ہو جو افغانستان کو اٹھا کر یورپ لے جائے یا امریکہ اور کوئی ایسی سرحد ‘ پاکستان کے مغرب میں لے آئے۔ جس سے گولیاں نہ چلیں جیسے کینیڈا کی سرحد امریکہ کے ساتھ...