گرم کپڑوں کا صندوق مت کھولنا
سہ پہر ابھی نہیں ہوئی مگر کالی گھٹا نے جُھٹپٹے کا سماں پیدا کر رکھا ہے۔ قطرہ قطرہ بارش بے لباس درختوں کی ٹہنیوں سے ہوتی ہوئی‘ زمین پر گر رہی ہے۔ سڑک پر دور دور تک کوئی ذی روح نہیں! کبھی کبھی کوئی گاڑی زناٹے سے گزرتی ہے اس کے بعد پھر سناٹا چھا جاتا ہے۔ یہ گیند جسے ہم کرہ ارض کہتے ہیں‘ عجائبات کی زنبیل ہے۔ کبھی ایک عجوبہ نکلتا ہے‘ کبھی دوسرا‘ الاسکا سے لے کر نیوزی لینڈ تک۔ سائبیریا سے لے کر جزائر انڈیمان تک۔ کینیڈا کے انتہائی شمال سے لے کر چلّی کے جنوبی کونے تک۔ آئر لینڈ سے لے کر جنوبی افریقہ کے ساحل تک۔ موسموں کے عجیب الٹ پھیر ہیں۔ کہیں صحرائوں میں ٹھنڈک ہے۔ کہیں پہاڑوں میں گرمی! کہیں سمندروں کی سطح منجمد ہے، کہیں خشکی کے وسیع و عریض ٹکڑے پانیوں میں غرق! صرف ٹائم زون گنتے جائیے اور حیرت کے سمندر میں ڈبکیاں کھاتے جائیے۔ روس‘ شرقاً غرباً‘ افقی چوڑائی میں پھیلا ہوا ہے۔ گیارہ ٹائم زون ہیں۔ دوسری طرف جو شہر ایک دوسرے سے ہزاروں میل دور ہیں عمودی لمبائی میں واقع ہونے کی وجہ سے یکساں ٹائم زون رکھتے ہیں۔ سویڈن کا شہر سٹاک ہوم۔ زمبابوے کے شہر ہرارے سے سات ہزار کلو میٹر دور ہے مگر...