حلوے کا نوالہ یا کانٹا؟
اب یہ یاد نہیں کہ ٹرین قرطبہ سے چلی تھی اور بارسلونا جارہی تھی یا بارسلونا سے چلی تھی اور رو م جارہی تھی۔ بہرحال جس ڈبے میٰں سفر کررہا تھا اس میں سامنے والی لمبی سی سیٹ پر ایک لڑکی اور تین لڑکے بیٹھے تھے۔ چونکہ رات تھی اس لیے شب بسری کا ماحول تھی۔ لڑکی اور تینوں لڑکے کالج یا یونیورسٹی کے طالب علم لگ رہے تھے۔ گپ شپ مار رہے تھے۔ دھول دھپا بھی کررہے تھے قہقہے بھی لگا رہے تھے۔ اور ان میں سے ایک تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد گیت کی تان بھی لگا رہا تھا۔ زبان وہ ہسپانوی بول رہے تھے، چھ ماہ اٹلی گزارنے کی وجہ سے میں اطالوی سمجھ لیتا تھا ۔اطالوی اور ہسپانوی زبانیں آپس میں بہنیں ہیں ۔ پرتگالی ان کی تیسری بہن ہے۔ ہمارے ساتھ جو بیوروکریٹ جنوبی امریکہ کے ہسپانوی ملکوں سے تھے وہ لیکچر سننے کے دوران انگریزی ترجمے سے بے نیاز تھے۔ اطالوی میں سنتے تھے امتحان میں پرچے وہ ہسپانوی میں دیتے تھے۔ اطالوی استاد ان ہسپانوی پرچوں کو براہ راست چیک کرتے تھے۔ جو ہسپانوی ان چار بے فکروں کی میری سمجھ میں آرہی تھی اس سے پتہ چلتا تھاکہ وہ کرسمس کی تعطیلات گزارنے سپین سے فرانس جارہے تھے لڑکی نے اپنے بیگ سے بڑی سی چا...