دامن خالی!ہاتھ بھی خالی!
فیض آباد دھرنا کس کے لیے چیلنج تھا؟ وفاقی حکومت کے لیے وفاقی حکومت کس کی تھی؟ مسلم لیگ نون کی! مسلم لیگ نون کا سربراہ کون ہے؟ میاں محمد نواز شریف قائداعظم ثانی! پارٹی میں ان کا نائب کون ہے؟ عملی اعتبار سے ان کی دختر نیک اختر مریم صفدر! جنہوں نے حال ہی میں نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اگلے انتخابات میں وزیراعظم کا الیکشن لڑیں گی اور یہ کہ "جو لوگ میرے ارد گرد ہیں' بتاتے ہیں کہ ایک خاص رول میرے لیے مخصوص ہے"دھرنا مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت کے لیے چیلنج بنا تو یہ دونوں باپ بیٹی کہاں تھے؟ یہ دونوں پیش منظر سے غائب ہوگئے!انہوں نے صورتِ حال سنبھالنے کی کوشش نہیں کی۔ کوئی بیان سامنے آیا نہ ردِ عمل !مذاکرات کی کوشش کی نہ اپنی پارٹی کی حکومت کی کوئی مدد کی! دونوں باپ بیٹی کا 'دھرنے سے پہلے 'تقریباً ہر روز کوئی نہ کوئی بیان میڈیا پر جلی حروف اور بلند آواز میں ضرور دکھائی اور سنائی دیتا تھا۔ دھرنے کے دوران دونوں مہر بلب رہے! اس خاموشی ' اس تغافل ' اس بے نیازی 'اس عدم دلچسپی کی ممکنہ...