میری اور لال چند کی ایک ہی قوم ہے۔ پاکستانی قوم!!
لال چند ربڑی بدین(سندھ) کے ایک چھوٹے سے گائوں میں پیدا ہوا۔ والد گڈریا تھا۔ ماں کھیتوں میں کام کرتی تھی۔ گیارہ بچوں میں لال چند پانچویں نمبر پر تھا۔ 2009 ء میں اس نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ اس کے ذہن میں کچھ خواب تھے۔ ان خوابوں کی تعبیر کے لیے ایک دن اس نے گھر والوں کو بتائے بغیر بدین شہر کا رُخ کیا۔ اور پاک فوج میں بھرتی ہو گیا۔ بھرتی ہونے کی وجہ بے روزگاری تھی نہ کچھ اور۔ اس کی وجہ اس کے خواب تھے۔ مادرِ وطن کا دفاع کرنے کے خواب! دشمن سے لڑنے کے خواب! اس کے بھائی بھیمن کا کہنا ہے کہ جب اس کی تعیناتی وزیرستان میں ہوئی تو وہ عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کو کچل دینے کے ولولے کے ساتھ وہاں پہنچا ۔اس کا کہنا تھا’’جن عناصر نے میرے وطن کے لوگوں اور بچوں کو نقصان پہنچایا ہے‘ میں ان سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لوں گا!‘‘ اس کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ بچپن ہی سے فوج میں بھرتی ہونے کا خواہش مند تھا۔ اس کی ہمت قابلِ رشک تھی۔ ارادے بلند تھے۔ فوج میں بھرتی ہونے کے بعد اس نے ملازمت کے ساتھ ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا۔ پھرگریجوایشن کر...