خواب جھوٹے خواب! تیرے خواب میرے خواب بھی!
جذبات کو کچھ دیر کے لیے تھیلے میں ڈالیے‘ تھیلا دیوار میں لگی کیل کے ساتھ لٹکا دیجئے۔ پھرٹھنڈے دل سے‘ خالی الذہن ہو کر‘ سوچیے۔ جب بھی ہم عالم اسلام کی بات کرتے ہیں تو زمینی حقائق کی روشنی میں ہم اس سے کیا مراد لیتے ہیں؟ ایک طرف سے شروع ہو جائیے۔ مراکش‘ الجزائر‘ تونس سے ہمارے کون سے تعلقات ہیں؟ وسطی اور مغربی افریقہ کے مسلمان ملکوں کے ہم میں سے اکثر لوگ نام تک نہیں جانتے۔ مصر سے ہمارے تعلقات ایسے ہی ہیں جیسے کسی بھی دور دراز ملک سے ہو سکتے ہیں۔ وسط ایشیا کی ریاستوں نے جتنے معاہدے بھارت اور اسرائیل کے ساتھ کیے ہوئے ہیں‘ ہماری سوچ سے زیادہ ہیں۔ مشرق بعید میں انڈونیشیا‘ ملائیشیا اور برونائی کی اپنی دنیا ہے۔ کیا آپ کو یاد پڑتا ہے کہ ماضی قریب میں ان ملکوں میں سے کسی ملک کا سربراہ یہاں آیا ہو یا کوئی معاہدے ہوئے ہوں؟ ایران کو دیکھیے۔ کھلم کھلا نہ سہی‘ اندر خانے چپقلش ہے کہ ختم ہی نہیں ہوتی۔ بھارت کے ساتھ اس کے تعلقات مثالی ہیں۔ ہماری مجوزہ اقتصادی راہداری کے مقابلے میں ایران اور بھارت دونوں ایک پیج پر ہیں۔ یو اے ای میں چند ہفتے پہلے جو پذیرائی مودی کو ملی‘ پاکستان کو اپنی اوقات یاد آگ...