اپنے اپنے ہیرو‘ اپنے اپنے شہید
بھارت نے 26 جنوری 1950ء کو گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ (1935ء) ختم کر کے اپنے ملک میں نیا آئین نافذ کردیا تھا۔ اس حوالے سے 26 جنوری کو عام تعطیل ہوتی ہے اور یومِ جمہوریہ منایا جاتا ہے۔ دہلی میں عسکری پریڈ تقریبات کا حصہ ہوتی ہے۔ پریڈ میں ہر ریاست اپنی اپنی نمائندگی کرتی ہے۔ بڑی بڑی گاڑیوں پر ایسی یادگاریں یا امتیازی نشانات سوار کر کے پریڈ کے ساتھ پھرائے جاتے ہیں جو متعلقہ ریاست کی تاریخی‘ ثقافتی یا سماجی نمائندگی کرتے ہیں۔ اب کے 26 جنوری کی پریڈ میں ایک خاص بات یہ تھی کہ کرناٹک کی ریاست نے پریڈ میں اپنی نمائندگی ٹیپو سلطان کے تابلو (Tableau) سے کی۔ ٹیپو کا بہت بڑا مجسمہ رکھا گیا جس میں وہ تلوار لہرا رہا تھا۔ ساتھ ہی شیر تھا جو ٹیپو کا نام بھی تھا اور نشان بھی۔ ساتھ اُس کے سپاہی تھے‘ جو اسی زمانے کا لباس پہنے تھے۔ کرناٹک کی ریاست کا اصل نام میسور تھا۔ 1973ء میں بھارتی سرکار نے اسے کرناٹک کا نام دے دیا۔ بنگلور اس کا دارالحکومت ہے جو آئی ٹی کا بہت بڑا مرکز ہے۔ پریڈ میں ٹیپو سلطان کے تابلو سے پورے بھارت میں ہلچل مچ گئی۔ اکثر بھارتیوں کے نزدیک ٹیپو کو بطور ہیرو قبول کرنا مشکل ہو گیا۔ میڈ...