مولانا روشن سے ایک ملاقات
مولانا روشن سے ملاقات کا وقت طے تھا۔ پہنچے تو بیٹھک میں انتظار کرنے کو کہا گیا۔ پوچھا کیا کررہے ہیں۔ بتایا گیا کہ ٹیلیویژن کا مصری چینل دیکھ رہے ہیں۔ اس کے بعد ترکی کا چینل دیکھیں گے اور پھر افغانستان کا۔ دو اڑھائی گھنٹے انتظار کرتے رہے۔ بالآخر وہ تشریف لائے۔ ساتھ ہی چائے بھی آگئی۔ چائے کے ساتھ چینی کے بجائے مصری کی ڈلیاں تھیں۔ گفتگو شروع ہوئی۔ ’’حضرت! آج کل آپ کے نزدیک پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کون سا ہے؟‘‘ ’’پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ، ظاہر ہے مصر کی صورت حال ہے۔ سینکڑوں مصری مسلمانوں کو وہاں کی فوج شہید کر چکی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس پر شدید ترین ردعمل کامظاہرہ کریں۔ ہمیں مصر سے سفارتی تعلقات پر ازسرنو غور کرنا ہوگا۔ ’’حال ہی میں شامی فوج نے سینکڑوں افراد کو کیمیائی ہتھیاروں سے قتل کیا ہے۔ ان میں بہت بڑی تعداد بچوں کی بھی ہے۔ اس ظلم پر آپ کی طرف سے کوئی احتجاج نہیں ہوا۔‘‘ ’’آپ یہ سوال ایک سازش کے تحت کررہے تاکہ ہماری توجہ مصری عوام سے ہٹائی جائے۔ آپ کی اس سازش کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ ’’آپ نے فرمایا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مصر کی صورت حال ہے۔ اس کے بعد آپ کے خیال...