یاری اور عیّاری
نہیں!یہ محض ایک تصویر نہیں۔ یہ تاریخ ہے۔ تاریخ ہی نہیں انسائیکلوپیڈیا ہے۔ یہ تصویرِ پاکستان کی تاریخ ہے اور تحریک پاکستان کی بھی۔ اور سچ پوچھیے، تو اس سے ایمان بھی تازہ ہوتا ہے۔ یہ تصویر ملک کے سارے اخبارات میں صفحۂ اول پر شائع ہوئی ہے۔ نمایاں ترین اس میں مولانا فضل الرحمن ہیں۔ یوں لگتا ہے کہ فوٹو گرافر نے کیمرے کا زیادہ فوکس ان کی دلفریب شخصیت پر کیا ہے۔ وہ مسکرا رہے ہیں۔ لیکن کُھل کر نہیں۔ یہ مسکراہٹ نیم بازکلی کی طرح ہے۔ ادھ کھلی کلی! چہرے پر نُورہے ۔ کوہستانِ سیاست سے آبشاروں کی شکل میں گرتا، شور مچاتا ، دائرے بناتا نور!اور یہی وہ نُور ہے جس سے ایمان تازہ ہورہا ہے! ان کے بائیں طرف میاں محمد نواز شریف ہیں۔ کیا سنجیدگی اور کیا متانت ہے! سبحان اللہ ! سبحان اللہ! ڈائس پر مائیک ہیں۔ بہت سے مائیک۔ میاں صاحب ، تصویر میں یوں لگتاہے ، کچھ کہہ رہے ہیں۔ میاں صاحب کے ساتھ، بائیں طرف ، چودھری نثار علی خان ہیں لیکن وہ ذرا پیچھے کھڑے ہیں۔ ان کے آگے شہباز شریف ہیں۔ چودھری نثار علی خان زیرک انسان ہیں۔ پیچھے اس لیے کھڑے ہیں کہ آگے کھڑا ہونا، پارٹی سربراہ کے بھائی کا حق ہے۔ مانا کہ نثار علی خان کی خ...