کون ہے یہ گستاخ ٫ تاخ تراخ
برطانیہ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی سربراہ سعیدہ وارثی پاکستان تشریف لائیں تو بہت سی نئی باتوں کا علم ہوا۔ مثلا یہ کہ ہمارے ہاں شہریوں کو حقوق دینے کا ایک خاص طریق کار ہے اور حکومت اس طریق کار کی پابند ہے۔ وفاقی وزیر نے سعیدہ وارثی کی آمد کے موقع پر انکے گائوں کیلئے گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔ اس سے یہ بات واضح ہوئی کہ اگر کسی گائوں کو گیس چاہیے تو لازم ہے کہ اس سے تعلق رکھنے والی کوئی شخصیت کسی مغربی ملک میں کسی سیاسی جماعت کی سربراہ ہو اور پھر وہاں سے آ کر اپنے گائوں میں اجتماع سے خطاب کرے۔ یہ حکومت کا طریق کار ہے۔ چنانچہ جس جس گائوں کو گیس درکار ہے، وہ یہ طریق کار اپنائے۔ کسی اور کو اس سے تسکین خاطر حاصل ہوئی ہے یا نہیں، مجھے بہرحال اطمینان قلب نصیب ہوا ہے۔ وہ یوں کہ اس کالم نگار کے گائوں کیلئے ڈسپنسری منظور کی جا چکی ہے۔ ضلع کے موجودہ حاکم نے دو ملین روپے کا بجٹ بھی حکومت پنجاب سے مانگا ہے۔ گائوں کے لوگوں نے چیف منسٹر اور چیف سیکرٹری کو اپیلیں بھی کی ہیں۔ اخبارات میں بھی آہ وزاری کی ہے لیکن تاحال شنوائی نہیں ہوئی۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ شہباز شریف اس کالم نگار سے ناراض ہوں اور بدل...