جیالوں کا خون
رہائش کیلئے مناسب ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آنیوالے شہر میلبورن میں اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک خوبصورت مشابہت پائی جاتی ہے‘ اسلام آباد کے شمال میں مارگلہ پہاڑیوں کا دلفریب سلسلہ ہے‘ ان پہاڑیوں پر جنگلات ہیں‘ دامنِ کوہ سے ہوتی ہوئی ایک سڑک بلندی تک گئی ہے‘ جہاں ایک یا دو ریستوران ہیں‘ دامنِ کوہ کے نیچے چڑیا گھر ہے‘ پہلے تو تعطیل کے دن پاکستانی صرف دامنِ کوہ تک جاتے تھے لیکن جب سے تنورِ شکم بھرنے کا سامان چوٹی پر ہوا ہے‘ ’’سیاحوں‘‘ کے قافلے چوٹی تک جاتے ہیں۔ جب یہ ریستوران نہیں تھے‘ غیرملکی تب بھی ان پہاڑوں پر جاتے تھے‘ مرد بھی اور عورتیں بھی‘ مہم جوئی بھی کرتے تھے‘ وزرش بھی اور تفریح بھی‘ دامنِ کوہ اور پہاڑ کی چوٹی کے ایک طرف پرانا گائوں سیدپور ہے۔ آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن کے مشرق میں بھی اسی طرح کا پہاڑی سلسلہ ہے‘ جو جنگلات سے اٹا ہوا ہے‘ اس سلسلے کو ’’ڈینڈی نانگ‘‘ کہا جاتا ہے‘ دامنِ کوہ کی طرح یہاں بھی اونچائی پر کھڑے ہو کر سیاح شہر کا نظارہ کرتے ہیں۔ سیدپور کی طرح یہاں بھی پہاڑوں کے دامن میں ایک گائوں ہے جس کا نام ’’سسا فراز‘‘ ہے لیکن میلبورن اور اس...