محبت پاس سے گزرے تو کُہنی مار دینا
دن کی آخری نماز پڑھ کر میں مسجد نبوی سے رخصت ہوا تویک دم احساس ہوا کہ دوپہر کو بھی کچھ نہیں کھایا تھا۔ ایک پاکستانی سے البیک فاسٹ فوڈ کا پوچھا تو اس نے پندرہ منٹ کا فاصلہ بتایا جسے میں نے احتیاطاً آدھا گھنٹہ سمجھا اور یہی ہوا‘ البیک تک پہنچتے پہنچتے آدھ گھنٹہ لگ گیا حالانکہ میری رفتار اتنی آہستہ بھی نہیں تھی۔ البیک‘ فاسٹ فوڈ کا ایک سلسلہ CHAIN ہے جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے اس کا مالک کوئی مصری ہے یا کم از کم اس کا صدر دفتر قاہرہ میں ہے اور اس نے امریکی فاسٹ فوڈ کی دکانوں کو سعودی عرب میں لوہے کے چنے چبوا دئیے ہیں۔ جدہ میں میں نے دیکھا کہ البیک پر خلق خدا کا ہجوم تھا اور اس کے برابر میں کے ایف سی والا مکھیاں مار رہا تھا! مسجد نبوی سے آدھ گھنٹے کی مسافت پر واقع یہ البیک جس میں میں کھڑا تھا گاہکوں سے چھلک رہا تھا اتنے بڑے ہال میں ایک میز بھی خالی نہیں تھی۔ میں دوسرے ہال میں داخل ہوا تو کھانا خریدنے کا سسٹم دیکھ کر خوش ہوا۔ قطار بنی ہوئی تھی یا اللہ! تیرا شکر ہے مسلمانوں نے قطار بنانا سیکھ لی ہے۔ میں بھی اس میں کھڑا ہوگیا۔ اپنی باری پر میں نے برگر اور کوکا کولا کا آرڈر دیا۔ قیمت اد...