ڈاکو کو گھر سے نکالنے کا طریقہ
ریاستی اہلکاروں کی نااہلی دیکھئے کہ ان کے سامنے قومی شاہراہیں بازاروں میں تبدیل ہو رہی ہیں لیکن اُن کی آنکھیں دیکھنے سے قاصر ہیں۔ اُن کے ہونٹ جیسے سِل گئے ہیں اور کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ ٹیکس بچا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے تاجر، کھنکتے سکّوں کی چمک سے سرکاری اہلکاروں کی استعداد کو مفلوج کر رہے ہیں۔ کسی کو پرواہ نہیں کہ چونچوں میں جو چوگ ڈالی جا رہی ہے وہ جائز ہے یا ناروا! نااہلی کی صرف ایک مثال دیکھئے اور اس پر سارے ملک کو قیاس کیجئے۔ راولپنڈی سے کوہِ مری جانے والی قومی شاہراہ ملک کی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے لیکن آپ کنونشن سنٹر سے جیسے ہی مری کی طرف روانہ ہوتے ہیں، چھ سات منٹ کی ڈرائیو کے بعد ہی یہ قومی شاہراہ راجہ بازار میں تبدیل ہوتی نظر آتی ہے، شاہراہ کے دونوں طرف دکانیں اس طرح تعمیر کی گئی ہیں کہ وہ بالکل شاہراہ کے اوپر ہیں۔ سامان ڈھوتی سوزوکی ویگنیں، گاہکوں کی کاریں اور موٹر سائیکل، دکانوں کے سامنے تجاوزات، سب کچھ یوں گڈمڈ نظر آتا ہے جیسے بادامی باغ یا پیر ودھائی کا اڈہ یہیں منتقل ہو گیا ہو۔ چند کلو میٹر دور بیٹھے ہوئے سی ڈی اے کے ا...